جرائم و حادثات
جوا کھیلتے ہوئے 4 خواتین پکڑی گئیں
آندھرپردیش کے کرشنا ضلع کے دکشن تلگوپالیم میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب پولیس نے خفیہ اطلاع پر ایک مکان پر دھاوا بول کر چار خواتین کو جوا کھیلتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ اس کارروائی میں مزید دو افراد سمیت مجموعی طور پر 6 ملزمین کو حراست میں لیا گیا، جبکہ موقع سے 47,750 روپے نقد بھی برآمد ہوئے۔
مچھلی پٹنم اسپیشل برانچ کی اطلاع پر مقامی پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے اس خفیہ اڈے کا پردہ فاش کیا۔ حیران کن طور پر گرفتار خواتین میں سے بعض پہلے بھی پائیڈمّا کالونی میں اسی طرح کے کیس میں پکڑی جا چکی ہیں، اور دو خواتین کے خلاف تو پہلے ہی 9 مقدمات درج ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
پولیس نے تمام ملزمین کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں مچھلی پٹنم عدالت میں پیش کیا، جہاں مجسٹریٹ نے انہیں شخصی ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات جاری کیے۔



