بنڈی سائی بھگیرتھ پوکسو کیس میں 14 دن کی عدالتی تحویل – حیدراباد کی چرلہ پلی جیل منتقل

حیدراباد – پوکسو کیس میں گرفتار بندی بھگیرتھ کو عدالت نے 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا ہے۔اس سے قبل پیٹ بشیرآباد پولیس اسٹیشن میں پولیس نے دو گھنٹے سے زائد وقت تک بھگیرتھ سے پوچھ تاچھ کرتے ہوئے اس کا بیان ریکارڈ کیا۔ بعد ازاں طبی معائنے کے بعد اسے میڑچل مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا گیا۔
سماعت کے بعد جج نے بھگیرتھ کو اسی ماہ کی 29 تاریخ تک ریمانڈ پر بھیجنے کا حکم صادر کیا۔
واضح رہے که بھگیرتھ پر ایک نابالغ لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزامات کے تحت پوکسو ایکٹ اور بھارتیہ نیائے سنہتا کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق ہائی کورٹ کی جانب سے عبوری راحت دینے سے انکار اور گرفتاری کا خطرہ بڑھنے کے بعد بھگیرتھ نے اپنے وکلاء کے مشورے پر رات دیر گئے خود پولیس کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کیا۔ اس سے قبل پولیس نے اس کے خلاف لوک آؤٹ نوٹس جاری کرتے ہوئے ملک چھوڑنے پر پابندی عائد کی تھی اور اس کی تلاش کیلئے پانچ خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔


