پوکسو کیس پر مرکزی وزیر بنڈی سنجے کا بڑا بیان — “غلطی میرے بیٹے کی بھی ہو تو سزا ضرور ملنی چاہیے”
نابالغ لڑکی کے ساتھ زیادتی کرنے کے معاملہ میں پوکسو کیس میں اپنے فرزند بنڈی بھگیرتھ کا نام سامنے آنے کے بعد مرکزی وزیر بنڈی سنجے کمار نے پہلی بار تفصیلی ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خاندان کو سیاسی طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے، تاہم اگر کسی نے غلطی کی ہے تو اسے سزا ضرور ملنی چاہیے۔
بنڈی سنجے جذباتی انداز میں کہا کہ ان کی اہلیہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں اور خاندان کو مسلسل پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ان کے مطابق ان کا بیٹا بنڈی بھگیرتھ خود کو بے قصور بتا رہا ہے، لیکن بعض حلقہ اسے مجرم کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ قانون کے سامنے سب برابر ہیں۔ ’’غلطی کوئی بھی کرے، چاہے میرا بیٹا ہی کیوں نہ ہو، اسے سزا ملنی چاہیے۔ میں کسی بھی غلطی کی حمایت نہیں کروں گا،‘‘
بنڈی سنجے نے الزام لگایا کہ ان کے خاندان کے خلاف منظم سازش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ براہ راست اور بالواسطہ حملوں کے ذریعہ ان کے خاندان کو بدنام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’میرے خاندان کو پریشان کرنے والوں کو نہیں چھوڑوں گا۔ آپ نے جو آگ لگائی ہے، وہ آپ ہی کو جلا دے گی۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ سماج کو اپنا خاندان سمجھتے آئے ہیں، لیکن اب ان کے خاندان کو ہی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ اگر کسی نے غلطی کی ہے تو وہ کسی کا بھی بیٹا ہو، قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے۔
مرکزی وزیر نے دعویٰ کیا کہ سیاسی سازشوں کے تحت ان کے خاندان کو بدنام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’جس طرح ہنومان جی نے لنکا کو جلایا تھا، اسی طرح میں بھی اس آگ سے دلالی، خاندانی اور بدعنوان نظام کو ختم کروں گا۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ’’جب شری رام چندر جی کو بھی بن باس جھیلنا پڑا تو ہمیں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ میرے دل پر زعفرانی جھنڈا ہے اور میرے سر پر دیوی ماں کی دعائیں ہیں۔‘‘



