مرکزی وزیر بنڈی سنجے کے بیٹے کو نوٹس – چہارشنبہ کو پولیس اسٹیشن حاضر ہونے کی ہدایت ؛ پوکسو کیس کے دفعات میں ترمیم
مرکزی وزیر بنڈی سنجے کمار کے فرزند بنڈی بھگیرتھ کو پیٹ بشیرآباد پولیس نے نوٹس جاری کرتے ہوئے چہارشنبہ کی دوپہر پولیس اسٹیشن میں تفتیش کے لیے حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے۔ پولیس اہلکار کریم نگر میں واقع بھگیرتھ کے مکان پہنچے، تاہم گھر میں کوئی موجود نہ ہونے پر گھر والوں کو اس کی اطلاع دی گئی۔
واضح رہے کہ ایک 17 سالہ لڑکی کی والدہ نے شکایت درج کرواتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ بھگیرتھ ان کی بیٹی کو جنسی زیادتی کر رہا ہے۔ اس شکایت کی بنیاد پر پیٹ بشیرآباد پولیس نے جمعہ کی شب بندي بھگیرتھ کے خلاف پوکسو ایکٹ کی دفعات 11 ریڈ ود 12 اور بی این ایس کی دفعات 74 اور 75 کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔
تاہم اپوزیشن اور عوام کی برہمی کے بعد پولیس نے پوکسو کیس میں بنڈی بھگیرتھ کے خلاف درج دفعات میں پولیس نے ترمیم کردی ہے۔ متاثرہ لڑکی کا بیان ریکارڈ کرنے کے بعد پولیس نے کیس میں بی این ایس ایس کی دفعات 5(1) ریڈ ود 6 کو بھی شامل کرلیا ہے۔
دوسری جانب بھگیرتھ نے بھی اسی روز کریم نگر ٹو ٹاؤن پولیس سے رجوع ہوکر الزام لگایا کہ مذکورہ لڑکی اور اس کے والدین رقم کے لیے انہیں دھمکیاں دے رہے ہیں، جس کے بعد پولیس نے تین افراد کے خلاف کیس درج کرلیا۔



