گریجویٹ ایم ایل سی انتخابات کے لئے بی آر ایس کی حکمت عملی، 10 مسلم قائدین کو اہم ذمہ داریاں- امتیاز اسحاق اور عبداللہ سہیل بھی شامل
حیدرآباد: تلنگانہ میں جلد منعقد ہونے والے دو گریجویٹ ایم ایل سی انتخابات کے پیش نظر بی آر ایس نے انتخابی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے لئے خصوصی انچارج مقرر کئے ہیں۔ پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے جمعرات کو تلنگانہ بھون میں جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے انچارجوں کے ناموں کا اعلان کیا۔ پارٹی کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں 10 مسلم قائدین کو بھی مختلف اسمبلی حلقوں کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔
پارٹی نے چھ اضلاع کے 77 اسمبلی حلقوں کے لئے دو فہرستیں جاری کی ہیں۔ مقرر کردہ انچارجوں کو متعلقہ حلقوں میں پارٹی قائدین اور کارکنوں کے ساتھ تال میل پیدا کرتے ہوئے انتخابی حکمت عملی پر عمل آوری اور سرگرمیوں کو آگے بڑھانے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
فہرست کے مطابق ونپرتی سے سابق چیرمین تلنگانہ میناریٹی فینانس کارپوریشن محمد امتیاز اسحاق، نامپلی سے شیخ عبداللہ سہیل، سکندرآباد سے سابق رکن کونسل ایم ڈی سلیم، کاروان سے عنایت علی باقری، ناگرکرنول سے جہانگیر، چارمینار سے علی بن ابراہیم مستی، چندرائن گٹہ سے شاہین افروز، یاقوت پورہ سے ارشد علی خان، بہادر پورہ سے ایس اے قیصر اور ملک پیٹ سے محمد اعظم علی کو انچارج مقرر کیا گیا ہے۔
گریجویٹ ایم ایل سی انتخابات کے پیش نظر ان تقرریوں کو پارٹی کی انتخابی تیاریوں کے اہم حصے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔




