ریاض اور مدینہ منورہ کے علاقوں میں چار ڈرون مار گرائے گئے، سعودی اتحادی افواج کا بیان
ریاض: 23 اکتوبر (اردو لیکس ڈیسک) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض اور مقدس شہر مدینہ منورہ کے علاقوں میں چار ڈرونز کو روک کر تباہ کردیا گیا۔ سعودی عرب کی قیادت میں یمن میں سرگرم اتحادی افواج کے ترجمان ترکی المالکی نے اس کارروائی کی تصدیق کی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق، ترجمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی جانب آنے والے چار ڈرونز کو فضائی دفاعی نظام کے ذریعے روک کر تباہ کیا گیا۔
دوسری جانب خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، یمن کی حوثی تحریک نے مدینہ منورہ کی جانب ڈرون بھیجنے یا سعودی عرب کے خلاف فوجی کارروائی کرنے کی تردید کی ہے۔ تاہم سعودی حکام کے بیان میں ان ڈرونز کے اصل مقامِ پرواز اور حملے کے ذمہ داروں کی واضح نشاندہی نہیں کی گئی۔
علاقے میں سعودی عرب اور حوثی تحریک کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں یہ واقعہ پیش آیا ہے، جبکہ سعودی عرب کی جانب سے فضائی خطرات کو روکنے کے لیے دفاعی کارروائیاں جاری ہیں۔



