تلنگانہ میں ہر مستحق خاندان کو نیا راشن کارڈ _ شہری علاقوں میں 2 لاکھ اور دیہی علاقوں میں ڈیڑھ لاکھ سالانہ آمدنی کی تجویز

حیدرآباد _ 10 اگست ( اردولیکس) تلنگانہ حکومت نے نئے راشن کارڈس کی اجرائی کے سلسلہ میں تفصیلی جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا کہ شہری اور دیہی علاقوں کے مستحق خاندانوں کو نئے راشن کارڈس جاری کئے جائیں گے۔
وزیر سیول سپلائز اتم کمار ریڈی نے کہا کہ دیہی علاقوں میں رہنے والے خاندان کی سالانہ آمدنی دیڑھ لاکھ روپے، 3.5 ایکر تری یا 7.5 ایکر خشکی اراضی رکھنے والے خاندان کو نیا راشن کارڈ جاری کرنے کی تجویز ہے جب کہ شہری علاقوں میں راشن کارڈ کے لئے سالانہ آمدنی 2 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں زمین کی ملکیت کے بجائے سالانہ آمدنی کا پیمانہ رکھا گیا ہے
۔ انہوں نے کہا کہ نئے راشن کارڈ کے لئے جو حد آمدنی کی تجویز کابینی سب کمیٹی نے مقرر کی ہے اس پر بلالحاظ پارٹی وابستگی عوامی نمائندوں کی رائے حاصل کی جائے گی۔ اس سلسلہ میں محکمہ سیول سپلائز کے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ ریاست کے تمام ارکان پارلیمنٹ ، ارکان مقننہ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ان کی رائے حاصل کریں