جسٹس سدرشن کی تائید کرنے بی آر ایس ؛ مجلس ؛ تلگودیشم اور دیگر جماعتوں سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی اپیل

تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا ہے کہ انڈیا اتحاد کی جانب سے جسٹس سدرشن ریڈی کو نائب صدر کا امیدوار بنانا خوش آئند اور قابلِ تحسین اقدام ہے۔
ریونت ریڈی نے کہا کہ پی وی نرسمہا راؤ کے بعد یہ سنہری موقع آیا ہے کہ ایک تلگو شخصیت دوبارہ اعلیٰ عہدے پر فائز ہو، اس لیے ہر تلگو شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ جسٹس سدرشن ریڈی کی کامیابی کے لیے کوشش کرے۔
انہوں نے لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں تلگو ریاستوں سے تعلق رکھنے والے تمام ارکانِ پارلیمنٹ سے اپیل کی کہ وہ سیاست سے بالاتر ہوکر متحد ہوں۔ انہوں نے تیلگو دیشم، وائی ایس آر کانگریس، بی آر ایس ، جنا سینا اور ایم آئی ایم سمیت تمام جماعتوں کے قایدین چندرابابو نائیڈو، کے سی آر، جگن موہن ریڈی اور پون کلیان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت سیاست کرنے کا نہیں بلکہ ایک ہوکر تلگو عوام کے وقار کو بلند کرنے کا ہے۔
چیف منسٹر نے کہا کہ جسٹس سدھرشن ریڈی کسان خاندان سے تعلق رکھتے ہیں وہ کسی سیاسی جماعت کے امیدوار نہیں بلکہ آئین کے محافظ کے طور پر سامنے آئے ہیں، اس لیے انہیں نائب صدر کے عہدے تک پہنچانا سب کی ذمہ داری ہے۔
ریونت ریڈی نے ماضی کی یاد دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جب پی وی نرسمہا راؤ نے نندیال سے الیکشن لڑا تھا تو این ٹی راماراؤ نے ان کے خلاف امیدوار نہیں کھڑا کیا بلکہ بھرپور حمایت دے کر کامیابی دلائی تھی۔ آج ایک بار پھر وہی جذبہ زندہ کرنے کی ضرورت ہے