تلنگانہ

چیف منسٹر چندرشیکھرراو سے دہلی کے چیف منسٹر اروند کیجریوال کی ملاقات _ مرکزی حکومت کے خلاف جاری لڑائی میں مکمل ساتھ دینے کے سی آر کا اعلان

حیدرآباد _ 27 مئی ( اردولیکس) دہلی کے چیف منسٹر اروند کیجریوال نے پنجاب کے چیف منسٹر بھگونت سنگھ مان کے ساتھ مل کر آج حیدرآباد کا دورہ کیا۔  بعد ازان انہوں نے پرگتی بھون میں تلنگانہ کے چیف منسٹر چندرشیکھرراو سے ملاقات کی۔اس ملاقات کے دوران اروند کیجریوال نے مرکزی حکومت کی جانب سے جاری کردہ آرڈیننس کے خلاف ان کی تحریک کو مدد کرنے کی درخواست کی۔

اس آرڈیننس کے تحت سرکاری ملازمین کے تبادلے اور ترقیاں دینے کا اختیار مرکز کو حاصل ہے چیف منسٹر چندرشیکھرراو نے اس موقع پر اروند کیجریوال کو تیقن دیا کہ مرکزی حکومت کے خلاف جاری ان کی  لڑائی میں وہ مکمل ساتھ دیں گے

 

بعد ازاں چیف منسٹر تلنگانہ نے دونوں چیف منسٹرس کے اعزاز میں لنچ کا اہتمام کیا اور تینوں نے مل کر پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔

 

تلنگانہ کے چیف منسٹر چندرشیکھرراو نے وزیر اعظم نریندر مودی سے دہلی میں مرکز کی طرف سے لائے گئے آرڈیننس کو فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی پارٹی آرڈیننس کے خلاف لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں آواز بلند کرے گی ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مرکز اپنی مرضی کے مطابق کام کر رہا ہے۔ دہلی میں بہترین اسکیمیں نافذ کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں مرکز میں بی جے پی کی حکومت کے دوران ایمرجنسی کے دن یاد آرہے ہیں۔

 

تلنگانہ کے چیف منسٹر کے سی آر نے دہلی کے چیف منسٹر اروند کیجریوال اور پنجاب چیف منسٹر ایم بھگونت سنگھ مان کے ساتھ پرگتی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کیا ۔چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ بی جے پی نے عام آدمی پارٹی کو دہلی میں میئر کی سیٹ حاصل کرنے سے روکنے کے لیے بہت سی سازشیں کی ہیں۔ ان پر الزام لگایا کہ انہوں نے غیر قانونی طور پر دہلی کے میئر کی سیٹ پر قبضہ کرنے کی کوشش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی لیفٹیننٹ گورنر کو دہلی میں لاکر ریاستی حکومت کو پریشان کررہی ہے۔ کے سی آر نے کہا کہ جمہوری طور پر منتخب ریاستی حکومتوں کو دھمکایا جا رہا ہے اور انہیں کام کرنے نہیں دیا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button