جمعیۃ الحفاظ کریم نگر کے جلسہ عظمت صحابہؓ وتقسیم انعامات سےمولانا انیس احمد آزاد قاسمی بلگرامی نقشبندی صاحب کا فکر انگیز خطاب

صحابہ کرام ؓ نبی ﷺ کی تربیت یافتہ مقدس جماعت جن کا احترام انسانیت پر لازم
جمعیۃ الحفاظ کریم نگر کے جلسہ عظمت صحابہؓ وتقسیم انعامات سےمولانا انیس احمد آزاد قاسمی بلگرامی نقشبندی صاحب کا فکر انگیز خطاب
جمعیۃ الحفاظ کریم نگر کے زیر اہتمام29؍نومبر بروز ہفتہ بعد نماز مغرب شالیمارفنکشن پیالیس کشمیر گڈہ کریم نگر میں جلسہ عظمت صحابہ وتقسیم انعامات حافظ احمد منقبت شاہ خان صاحب صدر قاضی و صدر جمعیۃ الحفاظ کریم نگر کی صدارت میں منعقد ہوا۔حافظ محمدمعظم حسین فیضی خازن جمعیۃ الحفاظ کریم نگر کی تلاوت کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہو۔ابتداء میں حضرت مفتی محمد یونس القاسمی صاحب صدر جمعیۃ علماء ضلع کریم نگر نے عظمت صحابہ ؓ کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحابہ کرامؓ ایک ایسی مقدس جماعت ہے جو رسول اللہ اور عام اُمت کے درمیان اللہ تعالیٰ کا عطا کردہ ایک واسطہ ہے۔اس واسطہ کے بغیر نہ اُمت کو نہ قرآن کریم ہاتھ آسکتا ہے اور نہ دین و شریعت ہاتھ آسکتا ہے
۔اسی لیے فرمایا گیا کہ جو شخص اقتداء کرنا چاہتا ہے اس کو چاہیے کہ اصحابِ رسول اللہؐ کی اقتداء کرے، کیونکہ یہ حضرات ساری اُمت سے زیادہ اپنے قلوب کے اعتبار سے پاک،اور علم کے اعتبار سے گہرے اور تکلف وبناوٹ سے دور اور عادات کے اعتبار سے معتدل، اور حالات کے اعتبار سے بہتر ہیں۔بعد ازاں حضرت مولانا انیس احمد آزاد قاسمی بلگرامی نقشبندی مدظلہ(خلیفہ حضرت مولانا پیر ذوالفقار احمد نقشبندی مدظلہ) نے اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ صحابہ کرام ؓ نبی ﷺ کی تربیت یافتہ مقدس جماعت جن کا احترام انسانیت پر لازم ہے،رسول ﷺ نے صحابہؓ کی عزت و حرمت کو ایمان کی علامت اور ان سے بغض کو نفاق قرار دیا، معلوم ہواکہ صحابہؓ کا احترام صرف ایک دینی حکم نہیں بلکہ ایمان کا لازمی تقاضا ہے، ان کے اختلافات میں زبان روکنا اور ان کے فضائل بیان کرنا ہی اہلِ سنت والجماعت کا طریقہ ہے،ہم تک قرآن و حدیث کا ایک ایک لفظ صحابہ کرام کے ذریعے پہنچا ہے،
جو شخص ان پر اعتراض کرے، وہ دراصل دین کی بنیادوں پر حملہ کرتا ہےاور اپنی آخرت کو تباہ کرتا ہے،نبی ﷺ نے ایک موقع پر فرمایا تھا:صحابہ کے بارے میں اللہ سے ڈرو! انہیں میرے بعد تنقید کا نشانہ نہ بناؤ، کیونکہ جس نے انہیں تکلیف دی اس نے مجھے تکلیف دی۔لہٰذا ہمیں چاہئے کہ صحابہؓ کرا م کی زندگیوں کو اپنے لئے مشعلِ راہ بنائیں، ان کی پیروی کریں اور ان کی عزت و ناموس کے دفاع میں ہمیشہ آگے رہیں، کیونکہ صحابہؓ کی عظمت اسلام کی عظمت ہے۔آخر میں حضرت مہمان خصوصی نے جمعیۃ الحفاظ کے جملہ ذمہ دارن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ صحابہؓ کرام کی زندگیوں سے نئی نسل کو واقف کروانا یہ ہماری اہم ترین ذمہ داری ہے۔
حافظ محمد وسیم الدین صاحب معتمد جمعیۃ الحفاظ کریم نگر نےنظامت فرائض انجام دئے اورجمعیۃ الحفاظ کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جمعیۃ الحفاظ کے زیر اہتمام گزشتہ ۱۱سالوں سے اسکولس کے طلباءوطالبات کے لئے سیرت صحابہؓ معلوماتی ومسابقتی امتحان منعقد کیاجارہا ہے،تاکہ اسکولوں میں پڑھنے والے بھی صحابہ کرامؓ کی حیات ِ مبارکہ سے واقف ہوں اور صحابہ کرامؓ کی زندگیوں کو پڑھ کر امتحان میں حصہ لیں،الحمدللہ اس سال اسکولوں کے ساتھ کالجس کے طلباء وطالبات کے علاوہ عام مرد وخواتین کے لئے بھی امتحان رکھا گیا تھا اور کثیر تعداد میں لڑکے اور لڑکیوں نے شرکت کی،امتحان میں کامیاب ہونے والوں میں قیمتی انعامات بھی تقسیم کئے گئیں۔
مفتی محمد شاداب تقی قاسمی نے اردو میڈیم گروپ 1کے انعامات کا اعلان کیا ۔مفتی محمد عبدالحمید قاسمی صاحب نے اردو میڈیم گروپ 2کے انعامات کا اعلان کیا۔مفتی محمد صادق حسین قاسمی صاحب نے انگلش میڈیم گروپ 1،2کے انعامات کا اعلان کیا اور مفتی محمد غیاث محی الدین صاحب نے گروپ 3میں کامیاب ہونے والوں کے ناموں کا اعلان کیا۔حافظ محمد ضیاء اللہ خان صاحب نائب صدر جمعیۃ الحفاظ نے مہمانوں کا اور سامعین کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر مولانا محمد کاظم الحسنی صاحب،مولانا خواجہ فرقان علی قاسمی صاحب،مولانا حیدر اسعدی صاحب،حافظ صادق علی احمد صاحب،حافظ فرید الدین امجد صاحب،حافظ مدثر الرحمن تبریز صاحب، مولوی جمیل احمد صاحب،غلام احمد حسین صاحب صدر مجلس اتحاد المسلمین کریم نگرکےعلاوہ کثیرتعداد میں لوگ شریک تھے۔




