مرکزی میلاد جلوس کے انتظامات کو قطعیت تشہیری پوسٹر کی رسم اجراء، خانقاہ شطاریہ دبیر پورہ میں اجلاس کا انعقاد، علماء مشائخ شریک

مرکزی میلاد جلوس کے انتظامات کو قطعیت
تشہیری پوسٹر کی رسم اجراء، خانقاہ شطاریہ دبیر پورہ میں اجلاس کا انعقاد، علماء مشائخ شریک
حیدرآباد 2 ستمبر (پریس نوٹ) حضور اکرم ﷺ کے 1500ویں جشن میلاد کے ضمن میں تمام مقررہ پروگرامس، زیارت آثار مبارک، خطبہ میلاد اور دیگر محافل حسب معمول میلاد مصطفیٰ کے دن ہی منعقد ہوں گے۔ صرف مرکزی میلاد جلوس اتوار 14 ستمبر کو بعد نماز ظہر تاریخی مکہ مسجد کے برآمد ہوگا۔ مرکزی میلاد جلوس کمیٹی کے زیراہتمام اس مرکزی جلوس کے کامیاب انعقاد کے لئے ایک اہم اجلاس مرکزی خانقاہ شطاریہ دبیر پورہ میں صدر کمیٹی مولانا سید شیخن احمد قادری شطاری کامل پاشاہ کی نگرانی میں منعقد ہوا۔
اس اجلاس میں مرکزی میلاد جلوس کی تیاریوں کو قطعیت دے دی گئی اور اس موقع پر علماء و مشائخ کے ہاتھوں مرکزی میلاد جلوس کے پوسٹر کی رسم اجراء عمل میں آئی۔ مولانا سید قادر محی الدین قادری جنید پاشاہ زرین کلاہ معتمد کمیٹی نے خیر مقدم کیا۔ صدر کمیٹی نے اس موقع پر کمیٹی کے دیگر عہدیداروں کے ناموں کا اعلان کیا۔
انہوں نے بتایا کہ مولانا سید احمد الحسینی سعید القادری کو مرکزی میلاد جلوس کمیٹی کا جوائنٹ کنوینر مقرر کیا گیا۔ مولانا سید سیف اللہ حسینی الباقری کو جوائنٹ سکریٹری اور مولانا ڈاکٹر خواجہ محمد شجاع الدین افتخاری حقانی پاشاہ کو معتمد نشرواشاعت مقرر کیا گیا۔ اس موقع پر مرکزی میلاد جلوس کمیٹی میں نئے ارکان کی شمولیت کا بھی اعلان کیا گیا۔ جس میں مزید علماء اور مشائخ کو شامل کیا گیا ہے۔
اس اجلاس میں یہ طے کیا گیا کہ مرکزی میلاد جلوس کے انتظامات کے لیے والینٹرس کا اجلاس بہت جلد منعقد ہوگا، جس میں کمیٹی کے تمام ارکان اپنے طور پر والینٹرس کو شامل کریں گے اور ان کی باقاعدہ تربیت کی جائے گی تاکہ مرکزی میلاد جلوس میں نظم و ضبط کو برقرار رکھا جاسکے۔ مولانا حافظ محمد مظفر حسین خان قادری بندہ نوازی نے بتایا کہ اجلاس میں مرکزی میلاد جلوس کے روٹ پلان پر غور کیا گیا۔
ٹریفک پولیس سے اشتراک و تعاون کرنے پر زور دیا گیا۔ گزشتہ مرتبہ مرکزی میلاد جلوس کے دوران جو مشکلات پیش آئیں اسے دور کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مرکزی میلاد جلوس کے استقبال کے لیے مزید خیرمقدمی اسٹیج قائم کرنے اور اس کے انتظامات پر بھی غور کیا گیا۔ مرکزی میلاد جلوس کمیٹی کے اجلاس میں نہ صرف حیدرآباد بلکہ ریاست کے دیگر اہم شہروں میں اہم مساجد اور درگاہوں پر روشنیاں کرنے اور انہیں سجانے کے لیے ایک فہرست تیار کرکے اسے چیف سکریٹری حکومت اور محکمہ برقی کے علاوہ دیگر عہدیداروں کو روانہ کردیا گیا۔
مرکزی میلاد جلوس کمیٹی کے اجلاس کے شرکاء میں کمیٹی کے عہدیداروں کے علاوہ ارکان میں مولانا سید ندیم اللہ حسینی، مولانا سید شاہ نعمت اللہ قادری، مولانا مفتی محمد انوار احمد قادری، مولانا عرفان اللہ شاہ نوری، مولانا سید سعد الدین محمد قادری احمد پاشاہ، مولانا سید حسین پاشاہ قادری مخدومی، مولانا خواجہ سید ابوتراب شاہ قادری چشتی قدیری، مولانا محمد مکرم پاشاہ قادری تخت نشین، مولانا سید ولی بادشاہ ثانی قادری الجیلانی ہاشم پاشاہ، مولانا محمد اللہ شاہ قادری سرخیل آغا، مولانا سید خواجہ معین الدین حسینی قادری سعدی پاشاہ، مولانا شیخ فرید الدین زاہد کریمی چشتی القادری کے علاوہ دیگر شریک تھے۔
