تلنگانہ

پرانی پینشن اسکیم کی بحالی اور نئی پینشن اسکیم کو ختم کرنے کا مطالبہ _ تلنگانہ کے ملازمین کی متحدہ مجلس عمل کا احتجاج

حیدرآباد _ یکم ستمبر ( اردولیکس) یکم ستمبر  اتوار کو پرانی پنشن اسکیم کی بحالی اور نئی پنشن اسکیم کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے متحدہ مجلس عمل (جے اے سی) کے زیر اہتمام ایک احتجاج صبح 10:30 بجے گن پارک، بالمقابل پولیس کنٹرول روم، پبلک گارڈن، حیدرآباد پر منعقد کیا گیا۔

 

متحدہ مجلس عمل میں شامل تمام انجمنوں کے صدور و معتمد عمومی اور اراکین کی کثیر تعداد نے شدید بارش کے باوجود بھی شرکت کی اور مطالبہ کیا کہ پرانی پینشن اسکیم کو دوبارہ لاگو کیا جائے اور ساتھ ہی ساتھ نئی پینشن اسکیم کے مضر اثرات سے میڈیا نمائندوں کو واقف کروایا۔

 

اس موقع پر اسٹیٹ ٹیچرز یونین کے ریاستی معتمد عمومی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نئی پینشن اسکیم کے مضر اثرات کا تذکرہ کیا اور چیف منسٹر ریونت ریڈی صاحب سے درخواست کی کہ جلد از جلد منشور میں کیے گئے وعدے کو پورا کریں اور ملازمین کے دیرینہ مطالبے کو قبول کرتے ہوئے پرانی پینشن اسکیم کو لاگو کریں۔

 

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسٹیٹ ٹیچرز یونین کے ضلعی صدر محمد افتخار الدین نے کہا کہ وقفے وقفے سے نئی پینشن اسکیم میں چھوٹی چھوٹی ترمیمات کر کے اسے فائدہ مند بتایا جا رہا ہے لیکن متحدہ مجلس عمل پرزور مطالبہ کرتی ہے کہ ترمیمات کے بجائے پرانی پینشن اسکیم کو بحال کرتے ہوئے ملازمین کے ساتھ انصاف کیا جائے، انہوں نے شدید بارش کے باوجود اس سے دھرنا پروگرام میں شرکت کرنے کے لیے تمام کارکنان کا شکریہ ادا کیا اور آگے بھی اسی طرح اپنے اس اتحاد کا ثبوت دیتے ہوئے پروگرام کو کامیاب بنانے کی درخواست کی۔

 

اس موقع پر،محمد عبدالحبیب ضلعی خازن ایس ٹی یو، کروناکر ریڈی، شاہد علی حسرت، محمد معیز الدین ،محمد عرفان الدین،اور دیگر انجمنوں کے اراکین موجود تھے۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button