سی ای ڈی ایم میں ایپ سیٹ اور نیٹ کی مفت کوچنگ کا افتتاح – تقریب سے پروفیسر ایس۔اے۔ شکور کا خطاب

۔ فی زمانہ حفظان صحت میں سائنس اور ٹکنالوجی کا استعمال کلیدی اہمیت کا حامل تصور کیا جاتا ہے۔ چنانچہ حکومتی اور سماجی سطح پر اس میں جدت طرازی عوام الناس کی صحت سلامتی اور ترقی کی ضامن ہے۔
شعبہ طب میں قومی سطح پر طلباء کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور اس شعبہ میں انقلابی تبدیلیاں اس بات کا بین ثبوت ہے کہ یہ شعبہ ہمیشہ ہی انسانی صحت کی ضرورتوں کو پیش نگاہ رکھے ہوئے ہے۔ چنانچہ صحت کے ہر ذیلی شعبہ میں ٹکنالوجی کا استعمال جدید دور کے تقاضوں کو پورا کرتا ہوا نظر آتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر ایس۔اے۔ شکور ڈائر کٹر سی۔ ای۔ ڈی۔ایم۔ نے نظام کالج میں NEET اور EAPCET کی مفت کو چنگ کا اس کے افتتاح کے موقع پر کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ محکمہ اقلیتی بہبود کے زیر سر پرستی اقلیتی طلباء کو مسابقتی امتحانات میں مساویانہ حقوق کے حصول میں سنجیدہ ہے اور مختلف اسکیموں کے ذریعہ تعلیمی پسماندگی پر قابو پانے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے چنانچہ NEET اور EAPCET کی مفت کو چنگ اسی کا حصہ ہے۔ پروفیسر ایس۔اے۔ شکور نے کہا کہ اس کو چنگ کیلئے ماہر اساتذہ کا انتخاب کیا گیا ہے اور تعلیمی مواد کی آن لائن فراہمی بھی عنقریب کی جائیگی۔ انہوں نے طلباء سے خواہش کی کہ وہ اس موقع کا بہترین فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی شخصی دلچسپی اور سخت محنت کے ذریعہ اپنے داخلہ کو یقینی بنائیں
۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کو چنگ کلاس میں اپنی حاضری کو روزآنہ کی اساس پر پر یقینی بنائیں اور روز مرہ کی مصروفیات سے اجتناب کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ وقت اس مسابقتی امتحان کی تیاری میں لگائیں۔ پروجکٹ آفیسر ڈاکٹر سید اسرار احمد نے کہا وہی طالب علم کامیابی حاصل کرتا ہے
جو اپنی سخت محنت اور جستجو سے اپنے مستقبل کی ضرورتوں کو مد نگاہ رکھتے ہوئے عمل پیرا ہوتا ہے۔ اس ضمن میں اساتذہ اکرام کے لکچرس کی اہمیت دو چند ہوتی ہے چنانچہ طلباء کو چاہئے کہ وہ اساتذہ کے لکچرس کو مکمل توجہ کے ساتھ ساعت کریں۔ کامیابی کی سمت رہنمائی حاصل کریں۔



