تلنگانہ کے سرکاری ملازمین اور پنشنرس کے لئے خوشخبری – کارپوریٹ ہاسپٹلس میں آج سے کیش لیس علاج شروع
تلنگانہ میں سرکاری ملازمین، پنشنرس اور ان کے زیرِ کفالت افراد کے لیے نئی ایمپلائز ہیلت اسکیم آج سے باضابطہ طور پر نافذ ہوگئی۔ معروف کارپوریٹ اسپتالوں کے اتفاقِ رائے کے بعد اہل مستحقین کو ایمپینلڈ ہاسپٹلس میں کیش لیس علاج کی سہولت دستیاب ہوگئی ہے۔
تلنگانہ سکریٹریٹ میں ایمپلائی ہیلت کیئر ٹرسٹ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر و ٹرسٹ بورڈ کنوینر کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں جوانئٹ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین مارم جگدیشور، ہاسپٹلس اسوسی ایشن کے صدر و جنرل سکریٹری اور اپولو، کانٹینینٹل، یشودا اور کیمس جیسے معروف ہاسپٹلس کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں نئی ہیلت اسکیم کے نظرثانی شدہ رہنمایانہ خطوط جاری کئے گئے، جن میں ہاسپٹلس کے ایمپینلمنٹ، علاج کے طریقہ کار اور کلیم سیٹلمنٹ سے متعلق قواعد شامل ہیں۔
ایمپلائی ہیلت کیئر ٹرسٹ نے کارپوریٹ اسپتالوں کے تعاون کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ نئی اسکیم سے ملازمین اور پنشنرس کو بروقت، معیاری اور بلا تعطل طبی خدمات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔




