گورنمنٹ ہائی اسکول غوث نگر کا شاندار کارنامہ — ایس ایس سی نتائج میں نمایاں کامیابی.

حیدرآباد (اردو لیکس )گورنمنٹ ہائی اسکول سکول غوث نگر بنڈلا گوڑا حیدراباد نے ایس ایس سی امتحانات کے دوسرے بیچ کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے، جو کہ علاقے اور اسکول دونوں کے لیے ایک قابلِ فخر لمحہ ہے۔ اس سال 47 طلبہ نے سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ (SSC) کا امتحان دیا، جن میں سے 33 طلبہ نے نمایاں کامیابی حاصل کی، یوں کامیابی کی شرح 70.2 فیصد رہی۔
یہ کامیابی اپنی نوعیت میں خاص اہمیت رکھتی ہے کیونکہ اکتوبر 2024 تک اسکول میں باقاعدہ اساتذہ موجود نہیں تھے۔ موجودہ تدریسی عملہ ڈسٹرکٹ سلیکشن کمیٹی (DSC) 2024 کے تحت بھرتی ہوا اور صرف پانچ ماہ قبل اسکول میں شامل ہوا۔ صرف پانچ ماہ کی اس قلیل مدت صدر مدرس کی منصوبہ بندی ، اساتذہ کی محنت، لگن، اور طلبہ کی بہتری کے لیے ان کا جذبہ قابلِ ستائش رہا۔
نتائج کے اعلان کے بعد ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں طلبہ، اولیاء طلبہ اور اساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے دوران نمایاں کامیابی اور بہترین نشانات حاصل کرنے والے طلبہ کی گل پوشی اور شال پوشی کی گئی اور انہیں انعامات سے نوازا گیا۔ اس موقع پر صدر مدرس جناب شاہد علی حسرت نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی اور اساتذہ کی خدمات کو بھرپور سراہا گیا اور اعلان کیا ہے کہ غوث نگر ہائی سکول میں طلبہ کے لیے ایک گائیڈنس سیل شروع کیا جائے گا جس میں انہیں آگے کی تعلیم جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ دیگر فنی کورسز کی بھی رہنمائی کی جائے گی اس موقع پر انہوں نے صفا این جی او کے ارکان محترمہ نعمت النسا ، محمد اسحاق و دیگر کا بھی شکریہ ادا کیا جن کے اشتراک سے یہ گائیڈنس سیل کام کرے گا۔
تقریب میں شریک اولیاء طلبہ نے اسکول کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور مستقبل میں بھی مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر، بنڈلا گوڑا زون، جناب آدتیہ وردھن راجو نے اسکول انتظامیہ کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اتنے کم وقت میں اس قدر عمدہ نتائج حاصل کرنا تدریسی عملے اور طلبہ کی بھرپور محنت کا مظہر ہے۔ انہوں نے اسکول کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ ادارہ مستقبل میں مزید کامیابیاں سمیٹے گا۔
یہ صرف ایک تعلیمی کامیابی نہیں بلکہ ایک تاریخی سنگِ میل ہے جو طلبہ کی صلاحیتوں، اساتذہ کی وابستگی، اور اسکول کے روشن مستقبل کی عکاسی کرتا ہے۔ گورنمنٹ ہائی اسکول سکول غوث نگر کی یہ پیش رفت علاقے میں تعلیم کے فروغ کی ایک نئی امید ہے۔
اس موقع پر اساتذہ محمد رفیع، سید سلیم الدین ،سید خالد، سوری ولیم، شگفتہ یاسمین، سمرین فاطمہ، فرحین خاتون اور نسیم النسا شیخ موجود تھے جلسے کی کاروائی محمد رفیع نے چلائی اور سید خالد نے اظہار تشکر کیا۔