تلنگانہ میں آئندہ تین دنوں تک موسلادھار بارش کا امکان، کئی اضلاع میں 10 دن تک بارش کی پیش قیاسی؛ یلو الرٹ جاری

حیدرآباد، 15 اکتوبر (اردو لیکس) تلنگانہ میں آئندہ تین دنوں کے دوران مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ حیدرآباد محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شمال مشرقی مانسون کے جنوبی جزیرہ نما
ہندوستان میں داخلے کے لئے حالات سازگار ہونے کے باعث ریاست میں بارش ہوسکتی ہے۔ بارش کے دوران 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے عوام اور کسانوں کو چوکس رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کئی اضلاع کے لئے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی اور مشرقی تلنگانہ کے اضلاع بھدرادری کتہ گوڑم، کھمم، نلگنڈہ، سوریہ پیٹ، محبوب آباد، ورنگل اور ہنمکنڈہ میں اوسط سے موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔
گریٹر حیدرآباد کے دائرہ میں آنے والے حیدرآباد، رنگاریڈی اور میڑچل۔ ملکاجگیری اضلاع میں بھی آسمان ابرآلود رہنے اور شام و رات کے اوقات میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ آندھی کے باعث درختوں اور بجلی کے کھمبوں کے گرنے کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ آفات سماوی نے عوام کو ہدایت دی ہے کہ بارش کے دوران درختوں کے نیچے یا خستہ حال عمارتوں کے قریب پناہ نہ لیں۔
تلنگانہ میں شدید گرمی سے پریشان عوام کے لیے راحت کی خبر ہے۔ ویذر مین بالاجی کے مطابق ریاست میں 15 اکتوبر سے بارش کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جو آئندہ 10 دنوں تک جاری رہ سکتا ہے
۔ انہوں نے بتایا کہ 15 اکتوبر سے شمال مشرقی مانسون ریاست میں داخل ہونے کی توقع ہے، جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں بارش ہوسکتی ہے




