حیدرآباد سمیت تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں موسلادھار بارش _ عام زندگی مفلوج

حیدرآباد سمیت تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں ہفتہ کی شام سے بارش کا سلسلہ جاری ہے وقفہ وقفہ سے جاری بارش سے عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے موسلا دھار بارش کے باعث ندیاں اور نالے بہہ رہے ہیں۔آبپاشی پراجیکٹس کی سطح آب میں اضافہ ہوگیا ہے جس سے کئی پراجیکٹس کے دروازے کھول کر پانی خارج کیا جا رہا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے حکام نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ محتاط رہیں کیونکہ اتوار اور پیر کو شدید بارشوں کا امکان ہے۔
موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ سنگارینی میں کوئلے کی پیداوار رک گئی ہے۔ کئی علاقوں میں سیلابی پانی سڑکوں پر بہنے سے گاڑیوں کی آمدورفت ٹھپ ہو کر رہ گئی ہے۔ برقی کی فراہمی بھی بند ہے۔ جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
تلنگانہ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی کی رپورٹ کے مطابق ملوگو ضلع کے وینکٹا پورم میں سب سے زیادہ 109 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس کے بعد بھدرادری کوٹہ گوڈم ضلع کے چرلا میں 96.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ کھمم، محبوب نگر، محبوب آباد، آصف آباد، منچریال، پداپلی ، بھوپال پلی، کریم نگر، ورنگل، ہنمکنڈہ اضلاع میں 40 سے 80 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔شمالی تلنگانہ کے اضلاع میں موسلادھار سے بہت تیز بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کے اثر سے ریاست میں موسلادھار سے بہت زیادہ بارش کا امکان ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ بالخصوص شمالی تلنگانہ کے اضلاع میں شدید بارش کا امکان ہے۔ عادل آباد، آصف آباد، منچریال، نرمل، پداپلی، نظام آباد، جگتیال، سرسلہ، کریم نگر اور بھوپال پلی اضلاع کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آئندہ 18 گھنٹوں میں تیز بارش کا امکان ہے۔