بیوی نے قرض کے چکر میں نہ جانے کا دیا مشورہ – شوہر نے بیوی کی جان لے لی
کرناٹک کے شہر ہبلی میں ایک غیر انسانی اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں قرض کے معاملے پر ہونے والے تنازعہ کے دوران ایک شوہر نے اپنی ہی بیوی کو چاقو سے وار کر کے بے رحمی سے قتل کر دیا۔ یہ واقعہ حبلی کے رامالنگیشور نگر میں پیش آیا، جس میں 27 سالہ تحسین شگاوی کی جان چلی گئی۔
تفصیلات کے مطابق عرفان اور تحسین، جو اصل میں گاندھی واڑ، ہبلی کے رہائشی تھے، محض دو ماہ قبل رامالنگیشور نگر میں کرائے کے مکان میں منتقل ہوئے تھے۔ عرفان پیشہ سے مستری ہے بتایا جاتا ہے کہ خاندان پر قرض کا بوجھ تھا اور گزشتہ چند دنوں سے قرض کی ادائیگی کے مسئلہ پر میاں بیوی کے درمیان معمولی جھگڑے ہو رہے تھے۔
قرض دہندگان کے دباؤ سے بچنے کے لئے تحسین اپنے شوہر عرفان کو بار بار نصیحت کرتی تھی کہ وہ محنت سے کام کرے اور جلد از جلد قرض ادا کرے۔ بیوی کی ان باتوں سے طیش میں آکر عرفان نے گھر میں رکھا ہوا چاقو اٹھایا اور اچانک اس پر حملہ کر دیا۔ گردن سمیت جسم کے چار پانچ مقامات پر چاقو کے بے رحمانہ وار کے نتیجہ میں تحسین خون میں لت پت ہو کر موقع پر ہی دم توڑ گئی۔
واقعے کے فوراً بعد مقامی لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی۔ گکول روڈ پولیس اسٹیشن کی ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور تفتیش شروع کی۔ نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے کے آئی ایم ایس ہاسپٹل منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ملزم شوہر عرفان کو تحویل میں لینے کی کارروائی جاری ہے۔
قرض کے بوجھ اور گھریلو تنازعہ نے ایک آباد گھر کو اجاڑ دیا، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اس سلسلے میں گکول روڈ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔



