تلنگانہ

شادی کے 7 سال بعد شوہر پر لو جہاد کا الزام – بیوی کی شکایت پر پولیس کی کارروائی – حیدراباد میں عجیب و غریب واقعہ

حیدرآباد شہر میں پیش آئے ایک عجیب و غریب واقعہ میں ایک شخص پر لو جہاد کا الزام عائد کرتے ہوئے ایک خاتون نے اسے  جیل بھیج دیا ۔ تبدیلی مذہب کے ذریعہ شادی کرنے والی ایک خاتون نے اختلافات کے بعد اپنے شوہر کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی جس پر پولیس نے کارروائی کی۔

 

تفصیلات کے مطابق کیرتی جگدیش نامی خاتون  انجینر کی پہلی شادی سال 2006 میں ہندو رسم و رواج کے مطابق ہوئی تھی، تاہم 2016 میں اس کی اپنے شوہر سے علحدگی ہوگئی۔ اسی دوران وہ ایک کمپنی میں ملازمت کرتی تھی جہاں اس کی ملاقات فہد نامی نوجوان سے ہوئی اور دونوں کے درمیان تعلقات قائم ہوگئے، بعد ازاں کیرتی نے مذہب تبدیل کرکے فہد سے نکاح کرلیا۔ سنہ 2023 تک دونوں کی ازدواجی زندگی معمول کے مطابق چلتی رہی لیکن بعد میں اختلافات پیدا ہوگئے اور ایک دوسرے پر کردار کے حوالے سے شبہ کرنے لگے، جس کے باعث دونوں نے علحدہ رہائش اختیار کرلی

 

۔ گزشتہ رات کیرتی شبہ کی بناء پر اچانک شوہر کے مکان پہنچی جہاں فہد ایک خاتون کے ساتھ پایا گیا۔ اس پر فوری طور پر بنجارہ ہلز پولیس کو اطلاع دی گئی، تاہم بعد میں کیس کو لنگر حوض پولیس کے حوالے کردیا گیا کیونکہ دونوں اسی علاقے میں مقیم تھے۔

 

پولیس کے مطابق فہد کی والدہ بھارتی اور والد پاکستانی تھے جن کی شادی سعودی عرب میں ہوئی تھی۔ بعد ازاں فہد کے والد کا انتقال سعودی عرب میں ہوا جس کے بعد یہ خاندان ہندوستان منتقل ہوگیا، فہد نے یہاں کی شہریت کے لیے درخواست بھی دی تھی۔ کل پیش آئے واقعہ کے بعد کیرتی نے اپنے شوہر پر لو جہاد کے نام پر دھوکہ دہی کا الزام لگاتے ہوئے شکایت درج کرائی جسے پولیس نے قبول کرلیا اور تحقیقات کا آغاز کردیا۔

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button