ایران پر حملوں کے خلاف 29مارچ کو چارمینار سے نکالی جانے والی احتجاجی ریالی کوکامیاب بنانے مختلف تنظیموں کی اپیل

ایران پر امریکہ و اسرائیل کی جنگ کے خلاف مغلپورہ میں جلسہ عام، پروفیسر کودنڈارام،عزیز پاشاہ ودیگرکاخطاب
29 مارچ کو چارمینار سے نکالی جانے والی احتجاجی ریالی کوکامیاب بنانے مختلف تنظیموں کی اپیل
حیدرآباد(پریس نوٹ) کمیٹی اگینسٹ وار کے زیرِ اہتمام مختلف سیاسی جماعتوں اور سماجی تنظیموں کے قائدین نے اردو گھر مغلپورہ میں ایک اہم اجلاس منعقد کیا، جس میں ایران پر امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے جاری حملوں اور بمباری کی شدید مذمت کی گئی۔
مقررین نے کہا کہ ان حملوں کے نتیجے میں نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر بھی تشویشناک صورتحال پیدا ہوچکی ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قائدین نے وزیرِ اعظم نریندر مودی کے اسرائیل دورے اور مرکزی حکومت کی خارجہ پالیسی پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایران کے خلاف جاری جنگ کو فوری طور پر بند کیا جائے اور مظلوم عوام کے حق میں آواز بلند کی جائے۔
مقررین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہندوستان کو ایران کے ساتھ اپنے صدیوں پرانے تعلقات اور اعتماد کو بحال کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔قائدین نے اعلان کیا کہ 29 مارچ بروز اتوار صبح 10:30بجے چارمینار سے ایک بڑی احتجاجی ریالی نکالی جائے گی، جس کا مقصد امریکہ اور اسرائیل کے خلاف احتجاج درج کروانا اور ایران کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنا ہے۔ اس کے علاوہ مرکزی حکومت کو ماضی کی متوازن خارجہ پالیسی اپنانے کی جانب توجہ دلانا بھی ریالی کا اہم مقصد ہوگا۔
اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ حکومت گیس، پٹرول اور ڈیزل کی بلا رکاوٹ فراہمی کو یقینی بنائے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کو روکنے کے لیے مناسب اقدامات کرے۔عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ 29 مارچ کو ہونے والی اس احتجاجی ریالی میں کثیر تعداد میں شرکت کرتے ہوئے اسے کامیاب بنائیں۔ اجلاس سے پروفیسر کودنڈارام، (رکن قانون ساز کونسل وصدر تلنگانہ جنا سمیتی)، سید عزیز پاشاہ(سابق رکن پارلیمنٹ،سی پی آئی)، محمدعباس(سی پی یم)، گوردھن (سی پی آئی،یم یل)، سید نظام الدین(ترجمان کانگریس کمیٹی)، مولانا سید تقی رضا عابدی(تنظیم جعفری)، مولانا حامدحسین شطاری(سنی علماء بورڈ)، مولانا سید طارق قادری ایڈوکیٹ(صوفی اکیڈیمی)، منیرالدین مجاہد(تحریک خیر امت)، ڈاکٹر لبنیٰ ثروت (سماجی جہد کار)، عنایت علی باقری(آئی یل ڈبلیو یف)، عبدالستار مجاہد (مسلم لیگ)، شہباز علی خاں (سماجی جہد کار)، جاوید شریف(عام آدمی پارٹی)، مجاہد ہاشمی (عوامی مجلس عمل)،کنوینرمحمدافضل ایڈوکیٹ سمیت مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے قائدین نے خطاب کیا۔



