انڈیگو کا بحران برقرار: حیدرآباد میں ساتویں روز 112 پروازیں منسوخ، مسافر شدید پریشان

ملک کی سب سے بڑی ڈومیسٹک ایئر لائن انڈیگو میں بحران بڑھتا جا رہا ہے اور پروازوں کی منسوخی کا سلسلہ ساتویں روز بھی جاری رہا۔
پیر کے روز شمس آباد ایئرپورٹ پر انڈیگو کی 112 پروازیں منسوخ کی گئیں جن میں 58 پروازیں حیدرآباد پہنچنے والی اور 54 روانہ ہونے والی شامل تھیں، جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی دوران انڈیگو نے وشاکھاپٹنم سے بھی سات پروازیں منسوخ کردیں
جن میں حیدرآباد، بنگلورو، چنئی اور دہلی جانے والی پروازیں شامل ہیں۔ علاوہ ازیں احمد آباد سے آنے اور جانے والی 18 پروازیں بھی منسوخ کردی گئیں۔ صورت حال کے پیش نظر دہلی ایئرپورٹ حکام کی جانب سے مسافروں کے لیے ایڈوائزری جاری کی گئی ہے
جس میں کہا گیا ہے کہ آج بھی انڈیگو کی متعدد پروازوں میں تاخیر کا امکان ہے، اس لیے ایئرپورٹ روانہ ہونے سے قبل فلائٹ اسٹیٹس لازماً چیک کریں۔
اطلاعات کے مطابق دہلی ایئرپورٹ پر اب تک انڈیگو کی مجموعی طور پر 134 پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں جن میں 59 آمد اور 75 روانگی کی پروازیں شامل ہیں۔



