دہلی میں پھر زلزلہ۔ عوام میں خوف

نئی دہلی ۔ دہلی میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جو کہ گزشتہ ایک ہفتے میں تیسری مرتبہ ہے۔ تازہ ترین زلزلہ پیر کو 11:46 منٹ پر آیا جس کی شدت 2.2 تھی اور اس کا مرکز جنوب مشرقی دہلی میں واقع تھا۔ اگرچہ یہ زلزلہ زمین سے 10 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا اور اس کی شدت معمولی تھی تاہم دہلی،این سی آر میں مسلسل زلزلے کے جھٹکوں نے شہریوں میں خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب دہلی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں مسلسل زلزلے آئے ہوں۔ ایک دن پہلے ہی غازی آباد میں بھی ہلکی شدت کا زلزلہ آیا تھا، اس سے قبل بھی گزشتہ ایک ہفتے کے دوران دہلی،این سی آر میں دو دیگر زلزلے محسوس کیے جا چکے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ دہلی،این سی آر زلزلیاتی طور پر ایک حساس زون میں واقع ہے جہاں وقتاً فوقتاً ہلکی یا درمیانی شدت کے زلزلے آتے رہتے ہیں۔ دہلی کے نیچے واقع فالٹ لائنز میں سرگرمی بڑھنے سے ان جھٹکوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ اگرچہ ابھی تک کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ملی لیکن مسلسل جھٹکوں سے عوام میں خوف پایا جاتا ہے۔