تلنگانہ

اردو چینلس کو تلگو کے مساوی اشتہارات کی اجرائی _تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین کی محکمہ اطلاعات سے کامیاب نمائندگی

حیدرآباد 27 مئی (پریس نوٹ) اردو ٹی وی چینلس کو تلنگانہ کے یوم تاسیس کے ضمن میں تلگو ٹی وی چینلس کے مساوی ایڈورٹائزمنٹ جاری کرنے کمشنر محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ اشوک ریڈی کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ محکمہ کی جانب سے اردو چینلس باقاعدہ طور پر اطلاعات فراہم کرنے پر تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین (ٹی یو ڈبلیو جے یو) نے اپنی کامیاب نمائندگی پر مسرت کا اظہار کیا۔

ٹی یو ڈبلیو جے یو کے سرپرست جناب ساجد معراج، ریاستی صدر جناب شجاع الدین افتخاری اور ریاستی سکریٹری جنرل مفتی محمد رئیس الدین قاسمی نے اظہار مسرت کرتے ہوئے محکمہ اطلاعات کا شکریہ ادا کیا۔واضح رہے کہ چند دن قبل تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین کے ایک نمائندہ وفد نے محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ کے کمشنر اش ک ریڈی کو نمائندگی کے ساتھ تلنگانہ ہائی کورٹ کے عبوری فیصلہ کی کاپی حوالے کی تھی۔

 

جبکہ جوائنٹ ڈائرکٹر ڈی ایس جگن سے ملاقات کرتے ہوئے انھیں ہائی کورٹ کے حکم کی کاپی اور نمائندگی پیش کرکے عدالت عالیہ کی ہدایت سے واقف کروایا تھا کہ تلگو چینلس کے مساوی ایکریڈیشن اور مراعات فراہم کئے جائیں، جس پر محکمہ کی جانب سے مثبت ردعمل کا اظہار کیا گیا۔

 

اس مثبت ردعمل پر یونین کے سرپرست جناب ساجد معراج، ریاستی صدر جناب شجاع الدین افتخاری اور سکریٹری جنرل مفتی محمد رئیس الدین قاسمی نے اپنے بیان میں کہا کہ یونین روز اول سے ہی اردو صحافیوں کے مسائل حل کروانے کے لئے انتھک جدوجہد کررہی ہے اور جی او 239 میں ترمیم کرنے کی درخواست کرتے ہوئے محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ کے کمشنر و ڈائرکٹر سے کئی بار نمائندگی کی تھی،

 

اس کے باوجود ان کے رویہ میں عدم تبدیلی کے باعث جی او 239 میں اردو صحافیوں کے ساتھ کی گئی ناانصافیوں کے خلاف عدالت عالیہ تک کا دروازہ کھٹکھٹاتے ہوئےاس کو منسوخ کرنے کی اپیل کی اور عدالت کے سامنے تمام شواہد پیش کرکے مدلل بحث کی اور عبوری حکم حاصل کرنے میں کامیاب رہی، اس ضمن میں اصل مقدمہ زیر دوران ہے۔ اس کے علاوہ یونین نے ضلع سنگاریڈی کے 7 اردو صحافیوں کو ہائی کورٹ کے ذریعہ 7 ڈبل بیڈروم مکانات فراہم کروائے۔

 

وہیں دوسری جانب اردو صحافیوں کے تعاون کے لئے 66 سرکاری اردو افسروں کی جائیدادیں منظور کروانے کا کارنامہ انجام دیا۔اس کے ساتھ ہی عادل آباد ایکریڈیشن کمیٹی میں یونین کے مکتوب پر ایک رکن کا تقرر کروایا۔ سابق میں نرمل میں اردو صحافی پر کئے گئے پولیس کےحملے کے خلاف نہ صرف ریاست بھر میں پولیس کے اعلی عہدیداروں سے نمائندگیاں کی گئیں بلکہ اردو صحافت کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تلنگانہ کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) سے ملاقات کرکے خاطی پولیس جوانوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

 

یونین اردو صحافیوں کے تحفظ اور ان کی فلاح بہبود کے لئے مسلسل کوشش کررہی ہے اور اس کوشش کو مستقبل میں بھی جاری رکھے گی۔ یونین نے ریاست بھر میں کئی اردو صحافیوں کو ایکریڈیشن کارڈز جاری کروائے اور انھیں در پیش مسائل حل کروائے۔ اس کے ساتھ ہی یونین نے کارپوریٹ اداروں کے اشتراک سے اردو صحافیوں کے لئے ہیلتھ انشورنس پروگرام شروع کیا۔ یونین کی عادل آباد شاخ نے حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا کے استعمال سے کس طرح نوجوان خود مکتفی ہوسکتے ہیں اس پر مبنی پانچ روزہ مفت ٹریننگ کا اہتمام کیا۔ اس کے علاوہ میدک یونٹ نے 2023 میں دسویں اور انٹرمیڈیٹ میں شاندار مظاہرہ کرنے والے مسلم طلباء کی ہمت افزائی کے لئے تہنیتی تقریب کا انعقاد عمل میں لایا،

 

اس طرح یونین کی مختلف یونٹوں نے مختلف کارنامے انجام دئے۔ الحمداللہ یونین نے کبھی بھی اردو صحافیوں کی تعداد دکھا کر پیسے جمع کرنے یا جھوٹی تشہیر کرنے کی جراءت تک نہیں کی اور مستقبل میں بھی نہیں کرے گی۔ یونین اپنے مقاصد کے حصول کے لئے ضرورت پڑنے پر عدالت عظمی تک کا دروازہ کھٹکھٹائے گی اور اردو صحافیوں کو ان کے جائز حقوق دلوائے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button