جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ میں ضمنی انتخاب کی پولنگ جاری، دوپہر ایک بجے تک 31.94 فیصد ووٹنگ ریکارڈ

جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ میں ضمنی انتخاب کی پولنگ جاری، دوپہر ایک بجے تک 31.94 فیصد ووٹنگ ریکارڈ
حیدرآباد: جوبلی ہلز اسمبلی حلقے کے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں منگل کے روز ووٹنگ پرامن طور پر جاری ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق دوپہر ایک بجے تک 31.94 فیصد ووٹرز نے اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کیا۔
پولنگ صبح 7 بجے سے شروع ہوئی تھی، ابتدا میں ووٹروں کی آمد سست رہی لیکن بعد ازاں ووٹنگ مراکز پر گہماگہمی دیکھی گئی۔ مجموعی طور پر حلقے میں 4.01 لاکھ سے زائد رائے دہندگان درج ہیں، جن کے لیے 407 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔
انتخابی عمل کے دوران کہیں سے بھی کسی بڑے ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ البتہ چند پولنگ مراکز پر ای وی ایم میں تکنیکی خرابیوں کی شکایات موصول ہوئیں جنہیں فوری طور پر درست کر دیا گیا۔ شہر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور پولیس کے اعلیٰ عہدیداران خود مختلف مراکز کا معائنہ کر رہے ہیں۔
یہ ضمنی انتخاب سابق رکن اسمبلی مگنتی گوپی ناتھ کے انتقال کے باعث خالی ہونے والی نشست پر ہو رہا ہے۔ اس نشست کے لیے تین بڑی جماعتوں — کانگریس، بی آر ایس اور بی جے پی۔کے امیدوار میدان میں ہیں۔
انتخابی ماہرین کے مطابق جوبلی ہلز کا یہ ضمنی انتخاب حیدرآباد اور ریاست تلنگانہ کی سیاست کے لیے نہایت اہم تصور کیا جا رہا ہے، کیونکہ اس کے نتائج حکمراں جماعت کے عوامی اعتماد اور اپوزیشن کی کارکردگی کے حوالے سے اہم اشارہ ثابت ہوں گے۔
پولنگ شام پانچ بجے تک جاری رہے گی، اس کے بعد ووٹنگ مشینوں کو سیکورٹی میں محفوظ مراکز پر منتقل کر دیا جائے گا۔ ووٹوں کی گنتی الیکشن کمیشن کے طے شدہ شیڈول کے مطابق عمل میں لائی جائے گی۔



