کانگریس حکومت کی سازش۔ راشن کارڈس کی تنسیخ کی کوشش : کے کویتا

کانگریس حکومت کی سازش۔ راشن کارڈس کی تنسیخ کی کوشش : کے کویتا
صرف راشن کے عدم حصول پر کارڈس کی منسوخی صریح ناانصافی
کانگریس حکومت کو عوامی تحریکات کاانتباہ
رکن قانون ساز کونسل بی آر ایس کلواکنٹلہ کویتا نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر اظہار خیال کیا اورالزام عائد کیا کہ ریاست میں کانگریس حکومت ایک گہری سازش کے تحت لاکھوں مستحق خاندانوں کے راشن کارڈ منسوخ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے مانسون سیزن کے پیش نظر جون میں ایک ساتھ تین مہینوں کا راشن تقسیم کیا مگر مختلف وجوہات کی بنا پر 7.24 لاکھ خاندان راشن حاصل نہیں کر سکے۔ اب حکومت اسی کو بہانہ بنا کر ان خاندانوں کے راشن کارڈس منسوخ کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔کویتا نے کہا کہ اگرچہ حکومت یہ دعوے کر رہی ہے کہ وہ 30 لاکھ سے 40 لاکھ نئے کارڈس جاری کرے گی لیکن تاحال ایک بھی نیا کارڈ جاری نہیں کیا گیا۔
انہوں نے پر زور انداز میں کہا کہ صرف راشن حاصل نہ کرنے کی بنیاد پر کارڈس کو منسوخ کرنا سراسر ناانصافی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ راشن کے حصول سے محروم خاندانوں کو دوبارہ راشن فراہم کیا جائے اور راشن کارڈس کی منسوخی کی کوششوں کو فی الفور روکا جائےبصورت دیگر حکومت کو عوامی تحریکات کا سامنا کرنا پڑے گا۔