تلنگانہ

صدرتلنگانہ جاگروتی کے کویتا کو سنٹرل لائبریری چکڑ پلی میں داخل ہونے سے روک دیاگیا پولیس کے رویہ کے خلاف باب الداخلہ پر شدید احتجاج

صدرتلنگانہ جاگروتی کے کویتا کو سنٹرل لائبریری چکڑ پلی میں داخل ہونے سے روک دیاگیا

پولیس کے رویہ کے خلاف باب الداخلہ پر شدید احتجاج

گروپI امیدواروں کے ساتھ ناانصافی کا الزام

دوبارہ امتحان منعقد کرنے کا مطالبہ‘طلبہ سے بات چیت اور چائے نوشی

 

حیدرآباد: گروپIتقررات میں بے ضابطگیوں پر طلبہ سے بات چیت کےلئے صدرتلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا آج سنٹرل لائبریری چکڑپلی پہنچیں۔تاہم پولیس نے کے کویتا اور تلنگانہ جاگروتی کے قائدین کو روک لیا ۔لائبریری میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔سنٹرل لائبریری میں داخلہ کی اجازت نہ دینے پر جاگروتی قائدین نے پولیس کےخلاف نعرے بازی کی۔لائبریری کی گیٹ کے روبرو کے کویتا اور جاگروتی کے قائدین نے احتجاج منظم کیا

 

اور یہیں کے کویتا نے گروپ I کے امیدواروں سے بات چیت کی۔اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کویتا نے کہاکہ گروپ I تقررات میںبے ضابطگیوں پر طلبہ سے گفتگو کےلئے وہ یہاں آئی ہیں۔مگر پولیس نے لائبریری میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی۔کویتا نے کہاکہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کےلئے تلنگانہ حاصل کیاگیا۔گروپI امتحان میں بے ضابطگیاں ہوئی ہیں۔ہر کوئی ےہ بات کہہ رہاہے ۔لہذا گروپ I تقررات کو منسوخ کرتے ہوئے دوبارہ امتحان منعقد کیاجاناچاہئے

 

۔اگر حکومت نے شفاف طریقہ سے تقررات عمل میں لائے ہوتے تو رات کے اوقات میں تقررنامہ جاری کرنے کی ضرورت پیش نہیں آتی۔انہوںنے کہاکہ اگر حکومت کے پاس چھپانے کےلئے کچھ نہیں ہے تو رینک حاصل کرنے والوں کے بیاضات کو عوام کے سامنے کیوں ظاہر نہیں کیاجارہاہے۔جب قابل اور ہونہار طلبہ چیلنج کررہے ہیں تو حکومت کیوں پیچھے ہٹ رہی ہے۔کویتا نے کہاکہ ہم صرف ےہ چاہتے ہیں کہ نااہل افراد کو ملازمتیں نہ دی جائیں۔

 

انہوںنے کہاکہ صدارتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نان لوکل امیدواروں میں 8افراد کو ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں۔ راہول گاندھی بہار کے انتخابات میں مصروف ہیں ۔مگر تلنگانہ کے طلبہ کے ساتھ ناانصافی پر کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں۔راہول گاندھی کو یہاں آناچاہئے ورنہ ہم بہار جائیںگے۔

 

کویتا نے کہا کہ میں حکومت سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ طلبہ کے ساتھ ناانصافی نہ کرے۔گروپ I تقررات کے خصوص میںکل یعنی 15اکتوبر کو عدالت میں سماعت مقررہے۔کویتا نے کہاکہ میں جج صاحبان سے بھی اپیل کرتی ہوں کہ وہ اس معاملہ میں سنجیدگی سے غور کریں۔جن طلبہ نے تلگو زبان میں امتحان تحریر کیاہے ان کے ساتھ بھی ناانصافی ہوئی ہے۔کویتا نے کہاکہ گروپ I امتحانات تحریر کرنے والوں میں پولیس عہدیداروں کے بچے بھی شامل ہیں۔لہذا میں پولیس سے استفسار کرتی ہوں کہ جو حکومت آپ کے بچوں کے ساتھ ناانصافی کررہی ہے آپ اسی حکومت کی حفاظت کیوں کررہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ اردو میڈیم کے امیدواروں کے ساتھ میں بھی ناانصافی کی گئی ہے۔

 

گزشتہ حکومت کے ساتھ عوام نے اسی لئے حساب برابر کیا تھا کیوں کہ اس نے ناانصافی کی تھی۔ کویتا نے کہاکہ کانگریس پارٹی نے 2لاکھ ملازمتیں دینے اور جاب کیلنڈر جاری کرنے کا وعدہ کیاتھااور ان وعدوں کے ذریعہ کانگریس اقتدار میں آئی ۔مگر اب تک صرف پرانی 50ہزار ملازمتوں کے علاوہ ایک بھی نئی ملازمت کےلئے نوٹیفکیشن جاری نہیں کیاگیاہے۔ تلنگانہ میں طلبہ کے ساتھ ناانصافی پر پارلیمنٹ میں راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کیوں خاموش ہیں۔اگر گروپ I معاملہ میں ڈیویژن بنچ کا فیصلہ موافقت میں نہ آتاہے تو ہم سپریم کورٹ کارخ کریںگے۔میںحکومت سے مطالبہ کرتی ہوں کہ وہ بہانوں میں وقت ضیاع کئے بغیر گروپ I امتحانات کو منسوخ کرے۔کویتا نے لائبریری کے باہر طلبہ کے ہمراہ چائے نوشی کی۔انہوںنے جاب کیلنڈر کے نفاذ اور گروپ Iتقررات میں بے ضابطگیوں کی مکمل جانچ کامطالبہ کیا۔پولیس نے متعدد جاگروتی قائدین کو حراست میں لے لیا اور چکڑپلی پولیس اسٹیشن منتقل کیا۔لائبریری کے باہر احتجاج پر جاگروتی قائدین پر پولیس نے لاٹھیاں بھی برسائیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button