تلنگانہ۔ ضلع کھمم بھدراچلم سب رجسٹرار کو اے سی بی کے حکام نے گرفتارکرلیا

کھمم: ریاست تلنگانہ ضلع کھمم بھدر اچلم کے سب رجسٹرار قدیر کو گرفتار کیے جانے کی اطلاع اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی ) کے متحدہ کھمم ضلع کے ڈی ایس پی وائی رمیش نے دی۔
وہ اس سے قبل بھدرادری کتہ گوڑم ضلع کے برگم پاڈو میں سب رجسٹرار کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اُس وقت اس دفتر پر کئی الزامات سامنے آئے تھے جس کے بعد گزشتہ سال جون میں اینٹی کرپشن حکام نے وہاں چھاپے مارے تھے۔
تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ دفتر میں خانگی افراد موجود رہ کر قواعد کے خلاف لین دین انجام دے رہے تھے۔ اسی معاملے کی جانچ تب سے جاری تھی۔چند ماہ قبل قدیر کا تبادلہ ہو کر وہ بھدر اچلم کے سب رجسٹرار دفتر میں تعینات ہوئے تھے۔
ڈی ایس پی کے مطابق برگم پاڈو میں اپنی تعیناتی کے دوران قدیر نے دیگر افراد اور عملے کے ذریعے غیر قانونی طور پر بینک لین دین کروایا اور رشوت وصول کی۔اسی سلسلے میں جمعرات کے روز بھدر اچلم سب رجسٹرار دفتر میں قدیر کو گرفتارکرلیا گیا۔



