تلنگانہ

دسہرہ پر کورٹلہ جامع مسجد کمیٹی کا منفرد پیغام، ہندو عقیدت مندوں میں پینے کا پانی تقسیم

دسہرہ پر کورٹلہ جامع مسجد کمیٹی کا منفرد پیغام، ہندو عقیدت مندوں میں پینے کا پانی تقسیم

وجے دشمی کے موقع پر خدمتِ خلق کے ذریعہ مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی مثال

 

کورٹلہ، 21 اکتوبر (اردو لیکس): مذہبی ہم آہنگی، باہمی احترام اور بھائی چارے کی خوبصورت مثال پیش کرتے ہوئے تلنگانہ کے کورٹلہ ٹاون کی جامع مسجد کمیٹی کی جانب سے دسہرہ (وجے دشمی) کے موقع پر جامبی گڈے جانے والے راستے پر عقیدت مندوں میں پینے کے پانی کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔ مسلم برادری کے اس خدمتی اقدام نے یہ پیغام دیا کہ انسانیت کی خدمت کسی مذہب یا طبقے کی پابند نہیں، بلکہ ضرورت مندوں کی مدد اور دوسروں کی سہولت کا خیال رکھنا ہر انسان کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

 

وجے دشمی کے موقع پر جامبی گڈے جانے والے عقیدت مندوں کی سہولت کے لیے جامع مسجد کمیٹی کے ارکان نے پینے کے پانی کا انتظام کیا اور راستے سے گزرنے والے افراد میں پانی تقسیم کیا۔ اس اقدام سے عقیدت مندوں کو سہولت فراہم ہونے کے ساتھ ساتھ مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان محبت، اعتماد اور باہمی احترام کا پیغام بھی عام ہوا۔

 

موجودہ دور میں مذہبی ہم آہنگی اور سماجی اتحاد کی اہمیت کے پیش نظر جامع مسجد کمیٹی کا یہ اقدام قابلِ ستائش ہے۔ دوسرے مذہب کے تہوار کے موقع پر عقیدت مندوں کی خدمت کرنا اس حقیقت کا اظہار ہے کہ تہوار صرف اپنی خوشیاں منانے کا نام نہیں، بلکہ دوسروں کی خوشیوں میں شریک ہونے، ان کی سہولت کا خیال رکھنے اور انسانیت کے جذبے کو فروغ دینے کا بھی موقع ہیں۔

 

اس خدمتی پروگرام میں جامع مسجد کمیٹی کے صدر محمد مسیح الدین کے علاوہ شجاعت علی، اسلم، خالد، عرفان، اکرم، محمد بشیر، سلیم فاروقی، محمد ساجد، محمد مدثر الیاس، شکیل احمد ساجد، شاداب، رضوان اور دیگر ارکان نے حصہ لیا۔

 

کورٹلہ جامع مسجد کمیٹی کا یہ اقدام اس پیغام کا عکاس ہے کہ مذہبی عقائد اور عبادت کے طریقے مختلف ہوسکتے ہیں، لیکن انسانیت، محبت، خدمتِ خلق اور باہمی احترام کے جذبات سب کو ایک دوسرے سے جوڑتے ہیں۔ ایسے عملی اقدامات معاشرے میں امن، اتحاد اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button