بہو نے سسر کو ہرا دیا – تلنگانہ کے جگتیال ضلع کےایک گرام پنچایت میں رشتہ داری اور سیاست آمنے سامنے
تلنگانہ میں منعقدہ پنچایت راج انتخابات کے دوسرے مرحلہ میں دلچسپ مقابلے سامنے آرہے ہیں جگتیال ضلع کے رائیکل منڈل کے شری رام نگر گاؤں میں گرام پنچایت انتخابات کے دوران ایک غیر معمولی اور دلچسپ سیاسی منظر سامنے آیا، جس نے پورے علاقے کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی
۔ یہاں رشتہ داری اور سیاست آمنے سامنے آ گئی، جہاں کانگریس کی تائید کے ساتھ میدان میں اترنے والے سسر ستیہ نارائن کے مقابل بی جے پی کی امیدوار اور ان کی بہو رادھیکا نے قسمت آزمائی کی۔
ووٹوں کی گنتی کے دوران لمحہ بہ لمحہ سنسنی برقرار رہی اور آخرکار رادھیکا نے صرف 14 ووٹوں کی معمولی برتری سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے سسر کو شکست دے دی ۔ قریبی فرق سے آنے والا یہ نتیجہ نہ صرف امیدواروں بلکہ پورے گاؤں میں بحث کا مرکز بن گیا۔
ایک ہی خاندان کے دو افراد کا مختلف سیاسی جماعتوں کی نمائندگی کرتے ہوئے آمنے سامنے ہونا گاؤں کی سیاست میں ایک نئی مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
انتخابی نتائج کے بعد شری رام نگر میں خوشی اور مایوسی کے ملے جلے مناظر دیکھنے کو ملے، جب کہ یہ مقابلہ مقامی سطح پر سیاسی وابستگیوں اور خاندانی رشتوں کے اثرات پر بھی سوالیہ نشان بن گیا ہے۔ اس دلچسپ جدوجہد نے گاؤں کی سیاست کو وقتی طور پر ریاستی سطح کی توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔



