بریلی میں سالگرہ کی تقریب میں ہنگامہ کرنے والے 5 نوجوان گرفتار، اصل ملزم فرار

اترپردیش کے بریلی میں ایک کیفے میں سالگرہ کی تقریب کے دوران پیدا ہونے والے ہنگامے کے سلسلے میں پانچ نوجوانوں پرنس سنگھ، آکاش، اشیش کمار، مریدل دوبے اور دیپک کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ تاہم، اصل ملزم رشب ٹھاکر اب بھی فرار ہے۔
بتایا گیا ہے کہ28 دسمبر کو بریلی کے راجندر نگر میں ایک نرسنگ کی طالبہ نے اپنے ساتھی طلبہ کو سالگرہ کی تقریب کے لیے کیفے میں مدعو کیا۔ اس پارٹی میں کل 10 افراد شریک تھے، جن میں طالبہ کے دو مسلم دوست بھی شامل تھے۔ یہ تمام طلبہ ایک ہی کالج میں تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ تاہم، ان دو مسلم نوجوانوں کی موجودگی پر بجرنگ دل کے کارکن موقع پر پہنچ گئے اور الزام لگایا کہ کیفے کے اندر لو جہاد چل رہا ہے، جس کے بعد وہاں زبردست ہنگامہ آرائی ہوئی۔
پولیس کو اطلاع ملتے ہی فوری طور پر موقع پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کیا۔ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ کیفے میں کوئی متنازع یا قابلِ اعتراض سرگرمی نہیں ہو رہی تھی۔ نرسنگ کی طالبہ نے بھی پولیس کو تصدیق کی کہ سالگرہ کی تقریب میں کوئی غیر اخلاقی یا غیر قانونی کام نہیں ہو رہا تھا۔ پولیس نے بجرنگ دل کے کارکنوں کو سمجھا کر پرسکون کیا اور صورتحال پر قابو پایا۔ بعد ازاں پولیس نے دیگر شریک طالبات کے اہلِ خانہ کو طلب کیا اور انہیں ان کے سرپرستوں کے حوالے کر دیا۔
مزید برآں، پولیس نے کیفے کے دو ملازمین کے خلاف ایک علیحدہ معاملے میں کارروائی بھی کی ہے۔ اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں تاکہ اصل ملزم رشب ٹھاکر تک پہنچا جا سکے۔



