زندہ بچنے کی امید ختم کرنے والے 9 افراد کو بچانے والے سبحان خان

کھمم _ 3 ستمبر ( اردولیکس) تلنگانہ کے کھمم ضلع میں دو دن قبل آئے سیلاب میں پل پر پھنس جانے والے9 افراد کی جان بچانے والے سبحان خان کی ہر گوشہ سے ستائش کی جارہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سبحان خان نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر کھمم ضلع کے منیرو ندی کے سیلابی پانی میں پھنس جانے والے 9 افراد کو اپنی جے سی بی گاڑی کے ذریعہ بحفاظت محفوظ مقام پر پہنچادیا۔ یہ آپریشن سبحان خان نے تنہا طور پر رات دیر گئے اس وقت انجام دیا جب حکومت کی مشنری بھی ان افراد کو بچانے میں ناکام ثابت ہورہی تھی۔
بتایا گیا ہے کہ ان افراد نے ویڈیوز اورتصاویر اپنے رشتہ داروں اور مقامی قائدین کو پوسٹ کرتے ہوئے انہیں بچانے کی اپیل کی تھی۔ ضلع سے تعلق رکھنے والے وزیر ٹی ناگیشورراو نے ہیلی کاپٹر کی مدد سے انہیں بچانے کی کوشش کی لیکن خراب موسم کی وجہ سے ہیلی کاپٹر کی خدمات حاصل نہیں کی جاسکیں۔
ہریانہ کے سبحان خان حقیقی زندگی کے ہیرو بن کر ابھرے۔ انھوں نے سیلاب میں پھنسے 9 افراد کی جان بچائی۔انھوں نے پرکاش نگر پل پر پھنسے 9 لوگوں کو بچا لیا۔
تلنگانہ کے کھمم ضلع میں مننیرو ندی کے پانی کی سطح بڑھنے سے نو لوگ پرکاش نگر پل پر پھنس گئے۔ ویڈیو دیکھنے کے بعد سبحان خان نے لوگوں کی جان بچانے کے لیے اپنا جے سی بی لے کر گھر سے نکلنے کا فیصلہ کیا۔ جانے سے پہلے سبحان نے کہا کہ اگر میں مر گیا تو ایک زندگی ختم ہو جائے گی لیکن اگر میں واپس آیا تو میرے ساتھ نو لوگ زندہ لوٹیں گے۔ جیسے ہی سبحان جے سی بی کے ساتھ واپس آئے اور سب کو بحفاظت واپس لایا، ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا
سبحان خان نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر رات کے اندھیرے میں سیلابی پانی میں پھنس جانے و الے افراد تک پہنچنے میں کامیابی حاصل کی اور ان تمام کو جے سی بی گاڑی میں محفوظ مقام منتقل کیا۔ بتایاگیا ہے کہ یہ افراد 11 گھنٹے تک حکومت کی امداد کا انتظار کررہے تھے اور زندہ بچنے کی امید ختم کردی تھی تاہم ۔ رات 12 بجے انہیں محفوظ مقام منتقل کیا گیا