میر عالم تالاب کی ترقیاتی کاموں کا ریونت ریڈی نے اچانک معائنہ کیا، سیاحتی مرکز بنانے کی ہدایت

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے جمعرات کی صبح میر عالم تالاب کے اطراف جاری ترقیاتی کاموں کا اچانک معائنہ کیا۔ انہوں نے بھاری کرین پر سوار ہوکر تالاب میں جاری کاموں کا جائزہ لیا
۔ریاستی حکومت کی جانب سے موسیٰ ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے زیرِ انتظام میر عالم تالاب پر سسپنشن برج تعمیر کیا جا رہا ہے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تمام کام مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں اور تالاب میں گندے پانی کے داخلے کو روکنے کے لئے مؤثر اقدامات کئے جائیں۔
انہوں نے میر عالم تالاب سے موسیٰ ندی میں سیلابی پانی کی نکاسی کے لئے نالے کو وسیع کرنے کی بھی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ واٹر اسپورٹس کے لئے مناسب ڈیزائن تیار کرنے اور تالاب میں موجود جزیرے کو ترقی دینے کی تجاویز پیش کیں
۔ریونت ریڈی نے کہا کہ میر عالم تالاب کو اس انداز میں ترقی دی جائے کہ یہاں زیادہ سے زیادہ سیاح راغب ہوں اور یہ علاقہ ایک اہم سیاحتی مرکز کے طور پر ابھرے۔




