وقف ترمیمی بل کے خلاف تلنگانہ کے گورنر کو جنگاؤں کے مسلم قائدین کی یادداشت
تلنگانہ کے گورنر جشنو دیو ورما کے دورہ جنگاؤں کے موقع پر ضلع کلکٹر آفس کامپلیکس میں صدر جامع مسجد جنگاؤں و معاون رکن بلدیہ جناب مسیح الرحمن اور رکن بلدیہ جنگاؤں جناب عبدالصمد نے ملاقات کرتے ہوئے مرکز کے وقف ترمیمی بل کے خلاف یادداشت پیش کی اور واضح کیا کہ مرکزی حکومت اس وقت وقف ایکٹ میں تبدیلی لا نے کا منصوبہ بنارہی ہے جو کہ ہندوستانی دستور میں اقلیتوں کودی گئی طمانیت کے بالکل خلاف ہے
انہوں نے واضح کیا کہ وقف کردہ جائیداد اللہ کے لیے ہوتی ہے اور وہ ہمیشہ وقف ھی ہوتی ہے اس میں تبدیلی یا اس میں کسی قسم کی شمولیت کا کسی کو اختیار نہیں ہوتا لیکن مرکزی حکومت ترمیمی بل کے ذریعے مسلمانوں کی وقف جائیدادوں کو ہتھیانا چاہتی ہے انہوں نے کہا کہ جنگاؤں کے مسلمانوں نے متحدہ طور پر اس ترمیمی بل کو مسترد کر دیا اور واضح کیا کہ اس بل کو مسلمانان ہند کسی صورت قبول نہیں کریں گے ۔
ریاستی گورنر سے ان نمائندوں نے مطالبہ کیا کہ ہماری بے چینی اور ہمارے احساسات اور بل کی مخالفت سے صدر جمہوریہ ہند کو واقف کرائیں اور اس بل کو کسی بھی صورت میں منظوری نہ دینے کے مطالبے سے آگاہ کروائیں۔ اس موقع پر عزت مآب گورنر نے یقین دہانی کروائی کہ اپ لوگوں کی نمائندگی صدر جمہوریہ ہند تک ضرور پہنچائی جائے گی اس موقع پر رکن اسمبلی جنگاؤں ڈاکٹر پلا راجیشور ریڈی اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔