تلنگانہ کے بھینسہ شہر میں ترکاری فروش سید احمد کی ایمانداری
آج کے اس پر آشوب دور میں لوگ طرح طرح کے جھانسے دیتے ہوئے لوگوں کو ٹھگنے کا کوئی موقع نہیں دے رہے ہیں وہیں ایک ترکاری فروش نے بھینسہ شہر میں ایمانداری کی مثال قائم کی،
تفصیلات کے مطابق تلنگانہ کے ضلع نرمل کے بھینسہ شہر کے پانڈری گلی کی رہنے والی ایک خاتون جو اپنے شوہر کے ہمراہ آج صبح موٹر سیکل پر کسی کام کی غرض سے جارہی تھی جس کے پاس ایک تھیلی بھی موجود تھی جو بھینسہ پولیس اسٹیشن سے متصل ترکاری مارکیٹ کے پاس اس خاتون کے ہاتھ سے گرگئی اور اس خاتون کو اس بات کا علم تک نہ ہوا۔جیسے ہی مارکیٹ میں موجود لمرا ترکاری شاپ کے مالک سید احمد کی نظر اس تھیلی پر پڑی انہوں نے اپنی ایمانداری دکھاتے ہوئے اس تھیلی کو اٹھاتے ہوئے اس تھیلی کو کھول کر دیکھا جس میں سونا، موبائل فون، نقد روپیئے، کپڑے اور دیگر سامان کو دیکھ کر سید احمد نے اپنی دکان کے سامنے موجود پولیس اسٹیشن پہنچ کر اس تھیلی کو وہاں پر موجود پولیس سب انسپکٹران سندیپ اور محمد غوث کے حوالے کردیا۔
جس کے کچھ دیر بعد ہی وہ خاتون اپنی تھیلی کے گمشدہ ہونے کی شکایت درج کرانے پولیس اسٹیشن پہنچی جس کے بعد پولیس سب انسپکٹران سندیپ اور محمد غوث نے تحقیقات کرتے ہوئے اس تھیلی کو خاتون کے حوالے کردیا اس موقع پر پولیس سب انسپکٹران نے سید احمد عرف سی ایم کو پولیس اسٹیشن بلاکر ان کی شالپوشی کرتے ہوئے انہیں تہنیت پیش کی اور اس خاتون اور ان کے شوہر نے سید احمد کی ایمانداری پر جذباتی ہوتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا