خاتون آئی اے ایس سے مبینہ تعلقات کی خبروں پر تلنگانہ کے وزیر کا شدید ردِعمل -اگر مزید اذیت دینی ہے تو زہر دے کر مار ڈالو
خاتون آئی اے ایس سے مبینہ تعلقات کی خبروں پر وزیر کا شدید ردِعمل
اگر مزید اذیت دینی ہے تو زہر دے کر مار ڈالو وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کا دھماکہ خیز بیان
خاتون آئی اے ایس عہدیدار کے ساتھ مبینہ تعلقات سے متعلق دو نیوز چینلز میں نشر کی گئی خبروں نے سیاسی حلقوں میں زبردست ہلچل مچا دی ہے۔ ان خبروں پر وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی شدید جذباتی ہو گئے اور انہوں نے میڈیا کے ایک گوشہ پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔
ہفتہ کے روز میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیر نے دو ٹوک اور تلخ لہجے میں کہا:“اگر مجھے مزید ذہنی اذیت ہی دینی ہے تو اتنا زہر دے کر مار ہی ڈالو!”وزیر کے اس جذباتی بیان نے سیاسی اور صحافتی دنیا میں کھلبلی مچا دی۔
وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ بعض نیوز چینلز اور سوشل میڈیا پر خواتین آئی اے ایس عہدیداروں کے خلاف نہایت گھٹیا، شرمناک اور ناقابلِ بیان زبان استعمال کی جا رہی ہے، جو سراسر کردار کشی کے مترادف ہے۔ انہوں نے ان خبروں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خواتین عہدیداروں کو جان بوجھ کر ذہنی اذیت دی جا رہی ہے، جو کسی بھی صورت درست نہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ خواتین آئی اے ایس عہدیداروں کے تبادلوں کا اختیار صرف چیف منسٹر کو حاصل ہے اور کسی بھی ضلعی وزیر یا سیاسی دباؤ کے تحت تبادلے نہیں کیے جاتے۔ اس معاملے میں پھیلائی جا رہی خبروں کو انہوں نے مکمل طور پر جھوٹ اور گمراہ کن قرار دیا۔
وزیر نے کہا کہ آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیدار بننا آسان نہیں ہوتا، برسوں کی سخت محنت، قربانی اور جدوجہد کے بعد یہ مقام حاصل ہوتا ہے۔ ایسے معزز اور باوقار عہدیداروں پر بے بنیاد الزامات عائد کرنا نہ صرف ناانصافی بلکہ ان کی عزت و وقار پر حملہ ہے، بالخصوص جب بات خواتین عہدیداروں کی ہو۔
کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے جذباتی انداز میں سوال کیا کہ سیاست دان تنقید اور الزامات برداشت کر لیتے ہیں، مگر سرکاری عہدیداروں کے گھر والے اس زہریلی مہم کو کیسے برداشت کریں گے؟ انہوں نے کہا کہ جھوٹی خبروں کا اثر صرف ان پر ہی نہیں بلکہ ان کے خاندان، رشتہ داروں اور قریبی افراد پر بھی پڑتا ہے۔
اس موقع پر وزیر نے اپنے بیٹے کے انتقال کا دردناک ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس دن وہ آدھے مر چکے تھے اور اب مزید ذہنی اذیت نہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں خدا پر پورا یقین ہے اور وہ جان بوجھ کر کوئی غلط کام نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ “نہ میں نے کوئی غلطی کی ہے اور نہ ہی کسی کے ساتھ ناانصافی کی ہے، اگر میں نے کبھی کوئی غلط کام کیا ہو تو خدا خود مجھے سزا دے گا۔”
وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے الزام عائد کیا کہ حکومت اور عوامی نمائندوں کو بدنام کرنے کے لیے ایک منظم سازش کے تحت جھوٹی اور اشتعال انگیز خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کی فوری، غیر جانبدار اور سخت تحقیقات کرائی جائیں اور جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔



