میر عالم تالاب میں آدھی رات کا خوفناک منظر، کشتی بند پڑتے ہی 9 مزدور مگرمچھوں کے بیچ پھنس گئے، حیدرا کا جرات مندانہ ریسکیو
حیدرآباد کے پرانے شہر میں واقع میر عالم تالاب میں پیش آئے ایک تشویشناک واقعہ نے رات کے سناٹے میں سنسنی پھیلا دی، جب تالاب کے درمیان ایک کشتی اچانک ناکارہ ہو گئی اور اس میں سوار 9 مزدور بے بسی کے عالم میں پھنس گئے۔ اندھیرے، تالاب میں پھیلی گھنی کائی اور مگرمچھوں کی موجودگی کی اطلاعات نے صورتحال کو مزید خوفناک بنا دیا۔
صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے مزدوروں نے فوری طور پر ڈائل 100 پر مدد طلب کی، جس کے بعد حیدرآباد ڈیزاسٹر رسپانس اینڈ ایسیٹ پروٹکشن ایجنسی (حیدرا) کی ڈیزاسٹر ریسکیو فورس متحرک ہو گئی۔ ریسکیو ٹیموں نے بغیر وقت ضائع کئے رات کی تاریکی میں تالاب کا رخ کیا اور انتہائی مشکل حالات کے باوجود کائی اور آبی پودوں سے بھرے راستوں کو عبور کرتے ہوئے کشتی تک پہنچنے میں کامیاب ہوئیں۔
ریسکیو آپریشن کو نہایت منصوبہ بندی اور مہارت کے ساتھ دو مرحلوں میں انجام دیا گیا۔ آدھی رات کے بعد مکمل ہونے والے اس جرات مندانہ آپریشن کے دوران ایک ایک کر کے تمام مزدوروں کو محفوظ طریقے سے تالاب کے کنارے پہنچا دیا گیا۔
حیدرا کی بروقت اور مؤثر کارروائی نے ایک بڑے حادثے کو ہونے سے روک دیا۔ اس کامیاب ریسکیو آپریشن پر عوامی حلقوں کی جانب سے حیدرا کی ٹیموں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے، جنہوں نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے قیمتی جانوں کو بچا لیا۔



