تلنگانہ میں میونسپل انتخابات ؛ ریاستی الیکشن کمیشن کی سرگرمیاں تیز

تلنگانہ میں میونسپل انتخابات کے پیش نظر ریاستی الیکشن کمیشن نے اپنی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔ الیکشن کمیشن نے ریاست کی چھ میونسپل کارپوریشنوں اور مختلف میونسپلٹیوں میں مسودہ ووٹر فہرست جاری کر دی ہے۔
یہ مسودہ ووٹر فہرست ضلع کلکٹر، آر ڈی او اور تحصیلدار دفاتر کے علاوہ متعلقہ میونسپل کارپوریشن اور میونسپلٹی دفاتر کے نوٹس بورڈ پر آویزاں کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ میونسپل وارڈز اور تمام پولنگ مراکز پر بھی اس فہرست کو شائع کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے ووٹروں سے اپیل کی ہے کہ وہ مسودہ ووٹر فہرست کا بغور جائزہ لیں اور اگر کسی قسم کے اعتراضات ہوں تو مقررہ وقت میں درج کروائیں۔ موصول ہونے والے اعتراضات کی جانچ اور ان کے ازالے کے بعد اسی ماہ کی 10 تاریخ کو حتمی ووٹر فہرست جاری کی جائے گی۔
ادھر میونسپل کمشنر نے بتایا کہ 5 جنوری کو تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا جائے گا، جس میں اعتراضات کو باضابطہ طور پر قبول کیا جائے گا۔



