تلنگانہ اسٹیٹ الیکشن کمشنر رانی کمودنی کی صدارت میں بلدی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ، ووٹر فہرست و پولنگ اسٹیشن شیڈول طے

حیدرآباد _. تلنگانہ اسٹیٹ الیکشن کمشنر رانی کمودنی نے چہارشنبہ کی شام بلدی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ایک اہم ویڈیو کانفرنس منعقد کی
۔ اس اجلاس میں تمام اضلاع کے کلکٹرس، ایڈیشنل کلکٹرس کے علاوہ مختلف میونسپلٹیوں اور میونسپل کارپوریشنوں کے کمشنرس نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران انتخابی شیڈول، انتظامی تیاریوں، انتخابی عملے کی دستیابی، پولنگ اسٹیشنوں کے انتظامات اور شفاف و پرامن انتخابات کے انعقاد پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
اس موقع پر ریاستی الیکشن کمیشن تلنگانہ نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ 13 جنوری تک پولنگ اسٹیشنوں سے متعلق تفصیلات کا مسودہ لازمی طور پر شائع کیا جائے اور 16 جنوری تک ووٹرس کی حتمی فہرست جاری کی جائے
۔ کمشنر رانی کُمودنی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ووٹر لسٹ میں کسی بھی قسم کی غلطی یا کوتاہی نہ رہے اور تمام مراحل وقت کی پابندی کے ساتھ مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں سیاسی جماعتوں سے مشاورت کو بھی اہمیت دی جا رہی ہے،
اسی ضمن میں جمعرات کو دوپہر 3 بجے سیاسی جماعتوں کے ریاستی سطح کے نمائندوں کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ منڈل اور ضلع سطح پر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورتی اجلاس پہلے ہی مکمل کیے جا چکے ہیں، جس کے بعد اب انتخابی عمل کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔



