جگتیال ضلع کے رائیکل میں غیر مسلم مزدور کی آخری رسومات کے لیے مسلم شخص کی مثال بننے والی مدد

تلنگانہ کے جگتیال ضلع کے رائیکل ٹاؤن سے ایک ایسی خبر سامنے آئی ہے جو دل کو چھو لیتی ہے اور انسانیت کی اصل روح کو جگا دیتی ہے۔ کورٹلہ کراس روڈ کے قریب ایک خستہ حال اور شکستہ مکان میں کرایہ پر رہنے والے ایک غریب غیر مسلم مزدور جامگیر کا اتوار کے روز انتقال ہو گیا۔ غربت نے اس کا ساتھ زندگی بھر نہیں چھوڑا، اور موت کے بعد بھی حالات ایسے تھے کہ اخری رسومات کے اخراجات تک میسر نہ تھے۔
خاندان والے بے بسی کے عالم میں کسی مدد کے منتظر تھے۔ ایسے نازک لمحے میں مذہب، ذات اور فرقے سے بالاتر ہوکر انسانیت نے آواز دی۔ رائیکل کے مشتاق احمد منّو نے آگے بڑھ کر اس غیر مسلم بھائی کی آخری رسومات کے لیے مالی مدد فراہم کی۔
یہ صرف رقم نہیں تھی، بلکہ وہ جذبہ تھا جو بتاتا ہے کہ انسانیت سب سے بڑا مذہب ہے۔ مشتاق نے بغیر کسی تفریق کے، صرف ایک انسان کی تکلیف کو محسوس کرتے ہوئے وہ کام کیا جو آج ہم سب کے لیے ایک مثال بن گیا ہے۔