بیٹی کی شادی کے دن باپ کا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال – غم کے ماحول میں انجام پائی شادی ؛ تلنگانہ کے نرمل ضلع میں دل دہلا دینے والا واقعہ
نرمل، 13 اکتوبر (اردو لیکس) تلنگانہ کے ضلع نرمل کے سارنَگاپور منڈل مرکز میں بیٹی کی شادی کے دن باپ کی اچانک موت کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ شیخ صاحب حسین نامی شخص کا 12 اکتوبر کی صبح تقریباً چار بجے دل کا دورہ پڑا جس کے بعد انہیں فوری طور پر نرمل کے ایک خانگی ہاسپٹل منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد مردہ قرار دے دیا۔ ان کی موت کی اطلاع ملتے ہی شادی والے گھر میں کہرام مچ گیا۔
شیخ صاحب حسین نے بھینسہ یونین بینک میں ملازمت انجام دی تھی اور سبکدوشی کے بعد سارنَگاپور میں مقیم تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی بچوں کی تعلیم و تربیت اور بہتر مستقبل کے لیے وقف کردی تھی۔ ان کے دو بیٹے یونین بینک میں جبکہ ایک بیٹا دیہی بینک میں ملازم ہے۔ دیگر بچوں کی تعلیم کے لیے بھی انہوں نے خصوصی توجہ دی اور انہیں حیدرآباد میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کئے۔
شیخ صاحب حسین نے اپنی بیٹی کی شادی کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلئے تھے۔ 11 اکتوبر کو گھر میں ہلدی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں انہوں نے افراد اور رشتہ داروں کے ساتھ خوشیاں منائیں۔ تاہم، اگلی صبح ان کی اچانک موت نے خاندان کو شدید صدمے سے دوچار کردیا۔
باپ کی موت کے باوجود اہلِ خانہ نے ان کی خواہش اور پہلے سے کئے گئے انتظامات کے پیش نظر اسی دن بیٹی کی شادی انجام دی۔ باپ کے بغیر دلہن بنی بیٹی کی رخصتی کے موقع پر رشتہ داروں اور عزیزوں کی آنکھیں اشکبار ہوگئیں۔ شادی کی خوشیوں کے موقع پر پیش آنے والے اس سانحے سے سارنَگاپور میں غم کی لہر دوڑ گئی۔




