سعودی عرب: ہندوستانی شہریوں کیلئے حکومت ہند کی اہم ایڈوائزری۔وطن واپس ہونے والوں کیلئے ضروری اطلاع

ریاض: سعودی عرب میں مقیم ہندوستانی شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ پُرسکون اور چوکس رہیں اور فضائی حملے کی صورت میں گھروں یا محفوظ مقامات کے اندر رہیں۔ ریاض میں ہندوستانی سفارت خانے نے آج یہ ہدایت جاری کرتے ہوئے ہندوستانی برادری کی مدد کے لیے 24 گھنٹے فعال کنٹرول روم بھی قائم کیا ہے۔
سفارت خانے نے ہندوستانی شہریوں کو سختی سے ہدایت دی ہے کہ وہ جاری واقعات سے متعلق ویڈیوز یا خبریں سوشل میڈیا پر شیئر کرنے یا دوبارہ پوسٹ کرنے سے گریز کریں۔سفارت خانے نے ہندوستانی شہریوں سے کہا ہے کہ وہ اپنی متعلقہ ایئرلائنز سے مسلسل رابطے میں رہیں اور اپنی پروازوں کی تازہ صورتِ حال کی تصدیق کرتے رہیں۔
سفارت خانے کے مطابق سعودی عرب سے ہنگامی طور پر نکلنے کے خواہش مند افراد پڑوسی خلیجی ممالک، خصوصاً قطر اور بحرین کے ہوائی اڈوں سے دستیاب پروازوں کے ذریعے سفر کرسکتے ہیں۔ تاہم اس کے لیے متعلقہ ممالک کے ویزا قوانین کے مطابق ویزا حاصل کرنا ضروری ہوگا۔دس اکتوبر کو ریاض ایئرپورٹ پر ہوئے حملے میں زخمی ہندوستانی شہریوں کے بارے میں تازہ معلومات فراہم کرتے ہوئے سفارت خانے نے بتایا کہ
چار افراد اب بھی انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیرِ علاج ہیں۔ چار دیگر افراد عام وارڈ میں علاج کروا رہے ہیں۔ تین افراد کو اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔



