غریب مریضوں کے علاج کے لئے پیِس فاؤنڈیشن کا قیام ، شبیر علی کا 5 لاکھ روپے عطیہ

حیدرآباد، 14 مارچ: غریب مریضوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے مقصد سے پیِس فاؤنڈیشن کا آغاز ہفتہ کے روز ویسٹرن ہاسپٹلس، لکڑی کا پل میں عمل میں آیا۔ اس موقع پر تلنگانہ حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور محمد علی شبیر، وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین، سابق وزیر داخلہ محمد محمود علی، تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ کے چیئرمین سید عظمت اللہ حسینی اور روزنامہ سیاست کے ایڈیٹر عامر علی خان نے مشترکہ طور پر فاؤنڈیشن کا افتتاح کیا۔
اس اقدام کا مقصد ایسے غریب مریضوں کی مالی مدد کے لیے فنڈ جمع کرنا ہے جو طبی ہنگامی حالات میں علاج کے اخراجات برداشت نہیں کر پاتے۔ تقریب میں ویسٹرن ہاسپٹلس سے وابستہ کئی سینئر ڈاکٹرس بھی شریک ہوئے جن میں ڈاکٹر ایم اے متین صدیقی (ریڈیولوجسٹ)، ڈاکٹر سید اکبر حسن (گیسٹرو اینٹرولوجسٹ) اور ڈاکٹر مصطفیٰ فیصل (نیورو سرجن) شامل تھے۔ ڈاکٹرس نے بتایا کہ یہ فاؤنڈیشن ایک شفاف پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی جہاں سے مستحق مریضوں کو فوری مالی مدد فراہم کی جائے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں اس فاؤنڈیشن کا قیام ایک بامقصد قدم ہے تاکہ کمزور طبقات کو بروقت اور معیاری طبی سہولتیں مل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اکثر غریب مریض بغیر انشورنس یا مالی وسائل کے اسپتال پہنچتے ہیں، جس کے باعث فوری علاج، ادویات اور ٹیسٹ کروانا مشکل ہو جاتا ہے۔ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے پیِس فاؤنڈیشن قائم کی گئی ہے تاکہ مالی تنگی کے باعث کسی مریض کے علاج میں تاخیر نہ ہو۔
شبیر علی نے ذاتی طور پر 5 لاکھ روپے کا عطیہ دینے کا اعلان بھی کیا اور یقین دہانی کرائی کہ حکومت تلنگانہ ایسے رفاہی اقدامات کے ساتھ تعاون کرے گی۔
وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین نے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتے ہوئے طبی اخراجات کے باعث غریب خاندان شدید مشکلات کا شکار ہوتے ہیں، اس لیے ایسے اقدامات نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹروں سے اپیل کی کہ مریضوں کو صحت مند طرزِ زندگی اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں بھی رہنمائی فراہم کریں۔
سابق وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ طبی اخراجات میں اضافہ کے سبب غریب خاندان فوری علاج شروع کرنے میں دشواری کا سامنا کرتے ہیں، ایسے میں پیِس فاؤنڈیشن مستحق مریضوں کے لیے بڑی مدد ثابت ہوگی۔ انہوں نے مخیر حضرات سے بھی اپیل کی کہ وہ دل کھول کر اس فاؤنڈیشن کی مدد کریں۔
سیاست کے ایڈیٹر عامر علی خان نے اس اقدام کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ فاؤنڈیشن غریب مریضوں کو علاج کی سہولت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے ایک لاکھ روپے کے عطیہ کا اعلان کیا اور اس مہم کو وسیع پیمانے پر عوام تک پہنچانے کے لیے میڈیا کی مکمل مدد کا یقین دلایا۔
اس موقع پر مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹروں نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیِس فاؤنڈیشن ایسے مریضوں کے لیے فوری مالی مدد فراہم کرے گی جو ہنگامی حالات میں علاج کے اخراجات کا بندوبست نہیں کر پاتے۔ ڈاکٹروں کے مطابق فاؤنڈیشن کے ذریعے ڈاکٹرس، اسپتال اور مخیر حضرات مل کر مستحق مریضوں کی مدد کریں گے تاکہ علاج میں تاخیر نہ ہو اور قیمتی جانیں بچائی جا سکیں۔



