تلنگانہ

تلنگانہ کے عوام کو خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا: کویتا

رام رام جپنا، پرایا لیڈر اپنا کی پالیسی پر بی جے پی عمل پیرا: رکن کونسل

کاماریڈی:۔ ٹی آر ایس ارکان اسمبلی خریدی معاملہ میں اپنی ناکام کوشش کے بعد بی جے پی مرکزی ایجنسیوں کا غلط استعمال اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کو نشانہ بنانے کے لئے کررہی ہے۔ان خیالات کا اظہار دختر وزیراعلیٰ و رکن تلنگانہ قانون ساز کونسل کلواکنٹلہ کویتا نے آج کاماریڈی میں منعقدہ پارٹی اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نےتلنگانہ کے وزراءاور دیگر قائدین کو ”نشانہ“ بنانے کے لئے مختلف ایجنسیوں کا استعمال کرنے پر مرکز کی بی جے پی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے واضح کیا کہ تلنگانہ کے عوام کوخوفزدہ نہیں کیا جا سکتا۔

 

کویتا نے کہا کہ”رام۔رام جپنا، پرایا لیڈر اپنا” بی جے پی کی واحد پالیسی ہے جس پر وہ عمل پیرا ہے ۔ جہاں پارٹی "اپنی ہارس ٹریڈنگ کی کوششوں میں ناکام ہوجاتی ہے، تو وہ مرکزی ایجنسیوں کا استعمال اپوزیشن جماعتوں کے لیڈران کو ہراساں کرنے کے لئے کرتی ہے۔

 

کویتا نے استفسار کیا کہ اگر بی جے پی نے کوئی غلط کام نہیں کیا تو اس کے قائدین ایم ایل اے خریدی معاملہ میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) کی تحقیقات سے کیوں بچ رہے ہیں اور عدالت کا دروازہ کیوں کھٹکھٹا رہے ہیں۔

 

ٹی آر ایس قائد نے کہا کہ بی جے پی کے پاس تلنگانہ میں کوئی تنظیمی طاقت نہیں ہے اور اس لئے وہ اپنی طاقت اور پیسے کا غلط استعمال کر کے دوسری جماعتوںکے لیڈروں کو ان کے ساتھ شامل ہونے کی دھمکی دے رہی ہے۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم تلنگانہ کے عوام ہیں، ہمیںخوفزدہ نہیں کیاجا سکتا ، ہم لڑیں گے، جیتیں گے اور ہمیشہ اپنے عوام کی خدمت میں رہیں گے۔

 

دختر وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاست کے اسمبلی انتخابات کے قریب آتے ہی بی جے پی قائدین ٹی آر ایس کے وزرائ، اراکین پارلیمان اور مقبول چہروں کو ہراساں کرنے میں مصروف ہوگئے ہیں۔

 

انہوں نے مزید الزام لگایا کہ بی جے پی، پی ایم کسان ندھی کے استفادہ کنندگان کی تعداد 13 کروڑ سے گھٹا کر محض 3 کروڑ کر رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ اسکیم خود کے سی آر کی قیادت والی ٹی آر ایس حکومت کی رعیتو بندھو اسکیم سے نقل کی گئی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی کو عوام کی ترقی، فلاح و بہبود سے زیادہ خود کے تشہیر کی فکر ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button