تلنگانہ

چندرشیکھر راؤ سے ملاقات کیلئے پارٹی قائدین کو فون کالس۔ خواب یا حقیقت! پارٹی قائدین کا تاثر

حیدرآباد۔ بی آر ایس کے ارکان اسمبلی اور ارکان قانون ساز کونسل اور دیگر قائدین کی جانب سے کانگریس میں شمولیت کے پیش نظر بی آر ایس سربراہ چندر شیکھر راؤ کی قیام گاہ سے پارٹی قائدین کو فون کالس کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ ان قائدین کو کے سی آر سے ملاقات کرنے اور ان سے بات کرنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے، اس وقت یہ بات پارٹی میں موضوع بحث بنی ہوئی ہے

 

اور پارٹی قائدین فون آنے کے بعد چونک گئے، ان کا کہنا ہے کہ یہ خواب ہے یا حقیقت کیونکہ پارٹی جس وقت اقتدار میں تھی کے سی آر سے ملاقات کے لیے مہینوں وہ انتظار کرتے تھے لیکن انہیں وقت نہیں دیا جاتا تھا اور اب صورتحال تبدیل ہو گئی ہے، ان قائدین کا کہنا ہے کہ جس وقت اقتدار میں تھے پارٹی باس کو ہماری یاد نہیں آئی اور اب کیوں فون کیے جا رہے ہیں؟ ان کا کہنا ہے کہ ابتداء سے ہی اگر وہ پارٹی قائدین کے ساتھ رابطے میں رہتے تو الگ بات تھی۔ واضح رہے کہ اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس کی شکست کے بعد پارٹی کے سربراہ کے سی آر فارم ہاؤس میں مقیم ہیں اور وہاں سے وہ پارٹی کی سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں۔

 

اس دوران ایک کے بعد ایک پارٹی کے کئی قائدین پارٹی چھوڑ رہے ہیں انہیں پارٹی میں برقرار رکھنے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں، اسی کے حصہ کے طور پر پارٹی کے ارکان اسمبلی ،ارکان قانون ساز کونسل اور سینئر قائدین کو فون کیے جا رہے ہیں۔ انہیں فارم ہاؤز آنے کی دعوت دی جا رہی ہے۔ اطلاعات ہیں کہ کس دن کون کے سی آر سے ملاقات کرے گا اس کا شیڈول بھی بنایا گیا ہے، لیکن پارٹی قائدین پس و پیش کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ پارٹی قائدین کا کہنا ہے کہ 10 سالہ دور اقتدار میں کے سی آر نے کبھی بھی وزراء ، ارکان اسمبلی ارکان قانون ساز کانسل اور قائدین کو ملاقات کا وقت تک نہیں دیا تھا یہ تلخ حقیقت ہے۔

 

سابق میں بھی ان کے رویہ کے خلاف قائدین میں ناراضگی پائی جاتی تھی لیکن اب اقتدار سے محرومی کے بعد یہ ناراضگی کھل کر سامنے آرہی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button