بی آر ایس کو لگا زبردست جھٹکہ۔پوچارم سرینواس ریڈی کانگریس میں شامل۔ قیامگاہ کے پاس بی آر ایس کانگریس حامیوں کے درمیان دھکم پیل

حیدرآباد۔ ریاست تلنگانہ میں 10 سال تک اقتدار پر رہنے والی جماعت بی آر ایس کو آج اس وقت زبردست جھٹکا لگا جب سابق اسپیکر اسمبلی پوچا رم سرینواس ریڈی اپنے فرزند کے ساتھ کانگریس پارٹی میں شامل ہو گئے۔چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کھنڈوا پہنا کر پوچارم سرینواس ریڈی کا کانگریس پارٹی میں استقبال کیا۔
اس موقع پر ریونت ریڈی نے کہا کہ کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے سابق اسپیکر اسمبلی نے کئی اقدامات کیے ہیں۔ کسانوں کی بھلائی کے لیے ان کے مشورے حاصل کیے جائیں گے، زرعی شعبہ کو مزید مستحکم کرنے کے مقصد سے پوچارم سرینواس ریڈی کو پارٹی میں شامل کیا گیا ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ پوچارم سے جب حکومت سے تعاون کی خواہش کی گئی تو انہوں نے اس کے لیے حامی بھر دی۔قبل ازی ریونت ریڈی نے پوچارم سرینواس ریڈی سے ان کی قیام گاہ پہنچ کر ملاقات کی تھی اور انہیں پارٹی میں شامل ہونے کی دعوت دی تھی،جیسے ہی چیف منسٹر پوچارم کی قیام گاہ پہنچے بی آر ایس کے قائد بالکا سمن کے علاوہ دیگر کئی قائدین وہاں پہنچ گئے
اور انہوں نے ہنگامہ کھڑا کیا اس دوران کانگریس کے ارکان و قائدین بھی وہاں جمع ہوگئے، پولیس اور بی آر ایس قائدین کے علاوہ بی آر ایس اور کانگریس کے حامیوں کے درمیان بھی دھکم پیل ہوئی۔