تلنگانہ
تلنگانہ میں آینده تین دن تک بارش – حیدرآباد سمیت 17 اضلاع میں الرٹ

تلنگانہ میں آئندہ تین دن تک بارش کا امکان ہے۔ حیدرآباد محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مغربی خلیج بنگال میں بننے والے شدید کم دباؤ کے علاقے کے اثر سے ریاست کے موسم میں تبدیلی آئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے بتایا کہ خاص طور پر ریاستی دارالحکومت حیدرآباد اور اطراف کے علاقوں میں شام اور رات کے وقت ہلکی سے درمیانی بارش ہوسکتی ہے۔ دن کے وقت آسمان عام طور پر ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔
شدید کم دباؤ کے اثر سے شمالی اور شمال مشرقی تلنگانہ کے اضلاع عادل آباد، منچریال، نرمل، کمرم بھیم آصف آباد، نظام آباد، کاماریڈی، کریم نگر، جگتیال، پداپلی، راجنا سرسلہ، جئے شنکر بھوپال پلی، مُلگ، ہنمکنڈہ، ورنگل، سدی پیٹ اور میدک میں زیادہ بارش ہونے کا امکان محکمہ موسمیات نے ظاہر کیا ہے۔ بارش کے پیش نظر حکام نے عوام، خاص طور پر کسانوں کو چوکس رہنے کا مشورہ دیا ہے۔




