تلنگانہ میں اگلے 5 دنوں تک بارش۔ بعض اضلاع کیلئے ایلو الرٹ جاری
حیدرآباد: تلنگانہ میں اگلے پانچ دنوں تک بارش کی محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے ۔ بعض اضلاع کیلئے ایلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق
عادل آباد ، آصف آباد ، منچریال ، نرمل ، نظام آباد ، جگتیال ، پدا پلی ، بھوپال پلی ، ملگو ، بھدرادری کتہ گوڑم اضلاع میں زبردست بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔ اسی طرح اس مہینہ کی 27 تاریخ کو بھوپال پلی ، ملگو ، کتہ گوڑم ،کھمم ، سوریا پیٹ ، محبوب آباد ، ورنگل اور ہنمکنڈہ اضلاع میں گرچ چمک اور تیز ہواوں کے ساتھ بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ 28 تاریخ کو متحدہ ضلع عادل آباد کے علاوہ کریم نگر ، پدا پلی ، جئے شنکر بھوپال پلی ، ملگ ، کتہ گوڑم ، کھمم ، محبوب آباد ، ورنگل ، ہنمکنڈہ ، جنگاوں اضلاع میں موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔
اسی طرح 29 اور 30تاریخ کو کئی مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ریاست کے بعض اضلاع سے بارش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں اور حیدرآباد کے بعض علاقوں میں صبح سے موسم ابرآلود ہے۔