تلنگانہ میں آئندہ پانچ دنوں تک بارش _ جمعہ اور ہفتہ کو ان اضلاع میں ہوگی بھاری بارش

حیدرآباد _ 11 جولائی ( اردولیکس)۔ محکمہ موسمیات نے انتباہ دیا ہے کہ تلنگانہ میں آئندہ پانچ دنوں تک اوسط سے بھاری بارش کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ اضلاع کو یلو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ جمعرات سے جمعہ کی صبح تک نظام آباد، جگتیال، کریم نگر، پداپلی، بھوپال پلی، ملوگو، بھدرادری کوتہ گوڈم محبوب آباد، ورنگل، ہنمکنڈہ، وقارآباد، سنگاریڈی، کاماریڈی اور محبوب نگر کے اضلاع میں جمعرات سے جمعہ کی صبح تک گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات ہیں۔
جمعہ سے ہفتہ تک عادل آباد، آصف آباد، منچریال، نرمل، جگتیال، پداپلی، بھوپال پلی، ملوگو، کوٹہ گوڈم، سنگاریڈی، میدک اور کاماریڈی اضلاع میں بھاری بارش کی توقع ہے۔
شمالی تلنگانہ میں ہفتہ کے روز بہت سے مقامات پر گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کے امکانات ہیں۔ اس سلسلے میں متعلقہ اضلاع کے لیے یلو الرٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔ اسی دوران جمعرات کی شام حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ کے کئی اضلاع میں بارش ہوئی۔