تلنگانہ

پارٹی بدلنے کے کیس میں اسپیکر اور 9 ارکان اسمبلی کو تلنگانہ ہائی کورٹ کی نوٹس

تلنگانہ کی سیاست میں ہلچل مچانے والے پارٹی انحراف کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں تلنگانہ ہائی کورٹ نے اسپیکر سمیت 9 ارکانِ اسمبلی کو کاؤنٹر داخل کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ بی آر ایس سے کانگریس میں شامل ہونے والے 9 ایم ایل ایز کے خلاف دائر عرضیوں پر جمعرات کو سماعت کرتے ہوئے عدالت نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا۔

 

درخواست گزاروں نے اسپیکر کے اس فیصلے کو چیلنج کیا ہے جس میں متعلقہ ارکانِ اسمبلی کو پارٹی تبدیل نہ کرنے والا قرار دیا گیا تھا۔ عدالت نے اپنے ریمارکس میں واضح کیا کہ ابتدائی طور پر پیش کیے گئے دلائل کی روشنی میں معاملہ تفصیلی وضاحت کا متقاضی ہے، اس لئے تمام فریقین کو تحریری جواب داخل کرنا ضروری ہوگا۔

 

عدالت نے جن ارکانِ اسمبلی کو نوٹس جاری کیا ان میں دانم ناگیندر، کڈیم سری ہری، پوچارم سرینواس ریڈی، ارکے پُوڈی گاندھی، بنڈلا کرشنا موہن ریڈی، کالے یادیا، پرکاش ریڈی، ڈاکٹر سنجے اور ٹی وینکٹ راؤ شامل ہیں۔ ہائی کورٹ نے واضح کیا کہ یہ تمام ارکان اپنے موقف کی وضاحت کرتے ہوئے کاؤنٹر حلف نامے داخل کریں، جبکہ اسپیکر کو بھی اپنے فیصلے کی قانونی بنیاد پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

 

عدالت نے کہا کہ پارٹی انحراف جیسے حساس آئینی معاملے میں شفافیت اور قانون کی پاسداری نہایت اہم ہے، اس لئے تمام پہلوؤں کا بغور جائزہ لیا جائے گا۔ مزید سماعت کے لیے مقدمہ 6 مئی تک ملتوی کر دیا گیا ہے، جس روز اس کیس میں مزید اہم پیش رفت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button