محبت کے نام پر 500 لڑکیوں کو دھوکہ 2 کروڑ کی وصولی۔ شاطر ملزم گرفتار

نئی دہلی: ڈاکٹر، وکیل، فلم پروڈیوسر، ماڈل، بزنس مین ظاہر کرتے ہوئے ایک شاطر شخص نے کئی خواتین کو دھوکہ دیا۔ متاثرین کو پھنسانے کے لیے سوشل میڈیا اور ڈیٹنگ ایپس پر جعلی پروفائلز بنانا، من گھڑت کہانیاں سنانا اور شادی کا
جھانسا دینا اس دھوکہ باز کا محبوب مشغلہ تھا وہ ہر لڑکی کو الگ کہانی سناتا تھا۔ اس طرح اس نے درجنوں نہیں بلکہ سینکڑوں خواتین کو دھوکہ دے کر بڑی رقم ہتھیا لی۔ دہلی پولیس کی نگرانی میں آخرکار یہ ملزم پکڑا گیا جس نے تقریباً 2 کروڑ روپے
سے زائد رقم لوٹنے کا اندازہ ہے۔ڈیٹنگ اور میٹرومونیل سائٹس کو نشانہ بنا کر خواتین کے ساتھ رومانوی دھوکہ دہی (رومانس اسکیمز)، ہنی ٹریپنگ اور آن لائن بلیک میلنگ کرنے کے الزامات میں آنند کمار (35) نامی شخص کو دہلی پولیس نے حال ہی میں گرفتار کیا۔ تفتیش کے دوران کئی حیران کن انکشافات سامنے آئے۔
وہ معصوم لڑکیوں کو نشانہ بناتے ہوئے آن لائن جعلی پروفائلز بناتا اور خود کو کسی پیشہ ور شخص کے طور پر متعارف کرواتا۔ رومانوی انداز میں بات کر کے ان کا اعتماد جیتتا اور پھر کسی نہ کسی بہانے (جیسے ایمرجنسی علاج، کاروباری نقصان یا خاندانی مشکلات) سے پیسے مانگتا۔کچھ خواتین سے شادی کا وعدہ کرتا
جبکہ بعض کو ماڈلنگ میں مواقع دلانے کا جھانسہ دیتا،اس طرح مختلف کہانیاں سنا کر ان سے رقم وصول کرتا۔ جب وہ اپنی رقم واپس مانگتیں تو ان سے رابطہ منقطع کر دیتا۔ صرف پیسے ہی نہیں بلکہ ان کے ساتھ شیئر کیے گئے
نجی مواد کو دکھا کر انہیں بلیک میل بھی کرتا تھا۔اس منظم نیٹ ورک کو چلانے کے لیے وہ کئی موبائل فونز اور سم کارڈز استعمال کرتا تھا۔ دہلی پولیس کے مطابق ملزم نے بڑی احتیاط سے یہ سب کیا تاکہ قانون کی گرفت میں نہ آئے۔
تاہم حال ہی میں اسے مغربی بنگال میں گرفتار کیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔اب تک یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس نے مختلف ریاستوں کی 500 سے زائد خواتین کو دھوکہ دے کر تقریباً 2 کروڑ روپے لوٹے۔
اس کے خلاف دہلی اور غازی آباد میں پہلے ہی کئی مقدمات درج ہیں۔



